سیاستدان آپس میں لڑتے رہے تو ملک دشمن قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں، بلاول بھٹو

منگل 23 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراعظم بن کر کسی سے انتقام نہیں لوں گا، سیاستدان آپس میں لڑتے رہے تو ملک دشمن قوتیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

چنیوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ ملک میں نفرت کی سیاست نے ہر ادارے کو تقسیم کیا اور بھائی کو بھائی سے لڑایا۔

انہوں نے کہاکہ ہم ملک میں نفرت، تقسیم اور گالم گلوچ کی سیاست کے بجائے نظریہ کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہم نے نوازشریف کے پہلے اور دوسرے دور کا ظلم برداشت کیا جو ایک آمر سے کم نہیں تھا۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ اس وقت ملک شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم اقتدار میں آکر اشرافیہ کی 1500 ارب روپے کی سبسڈی ختم کر کے یہ رقم غریب عوام پر خرچ کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، مجھے موقع ملا تو ملک بھر میں 30 لاکھ گھر بنا کر غریبوں میں تقسیم کروں گا اور مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جائیں گے۔

سندھ کے سیلاب متاثرین کو گھر بنا کر دے رہے ہیں

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم نے سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے ہاؤسنگ اسکیم شروع کر دی ہے، کیا پنجاب کے سیلاب متاثرین کو بھی کبھی حکومت نے گھر بنا کر دیا ہے؟

انہوں نے کہاکہ پاکستان جن مشکلات کا شکار ہے وہ سب کو معلوم ہے، ملک میں تیزی سے مہنگائی، بیروزگاری اور غربت بڑھ رہی ہے، ان تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کے 10 نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام میں اضافہ کرنے کے ساتھ کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کو کارڈ دے کر ان کی مالی مدد کریں گے۔

ہمیں موقع ملا تو ملک میں زرعی انقلاب لے کر آئیں گے

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہمیں موقع ملا تو ملک میں زرعی انقلاب لے کر آئیں گے۔ کارکنان گھر گھر جا کر پیپلزپارٹی کا منشور اور معاشی معاہدہ لوگوں کو سمجھائیں۔

انہوں نے نوازشریف کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ عوام چوتھی بار وزیراعظم بننے کی خواہش رکھنے والے سے پوچھیں کہ آپ نے عوام کے لیے کیا کِیا۔ میں نوازشریف کی نفرت اور بغض کو اچھی طرح جانتا ہوں، اگر وہ وزیراعظم بن گئے تو آپ کو معلوم ہی نہیں کہ کیا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp