لاہور ہائیکورٹ :سلمان اکرم راجہ کی خود کو آزاد امیدوار قرار دینے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے کل جواب طلب

بدھ 24 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی خود کو آزاد امیدوار قرار دینے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے کل تک جواب طلب کرلیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سلمان اکرم راجہ کی خود کو آزاد امیدوار قرار دینے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

وکیل درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کو ٹکٹ جاری کیا، پی ٹی آئی سیاسی جماعت کے طور پر موجود ہے، الیکشن کمیشن کا اختیار ہے کہ وہ پارٹی کا انتخابی نشان امیدوار کو نہ دے، الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیار نہیں کہ امیدوار کو پارٹی سے الگ کردے۔

سلمان اکرم راجہ کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ پی ٹی آئی نے سلمان اکرم راجہ کو الیکشن لڑنے کے لیے ٹکٹ جاری کیا ہے۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ الیکشن لڑنے والے آزاد امیدوار کے بیلٹ پیپر پر پارٹی کا نام لکھا ہوتا ہے جس میں شمولیت کرنا چاہتا ہے؟ جس پر سلمان اکرم راجہ کے وکیل نے کہا کہ آزاد امیدوار کا نام نہیں لکھا ہوتا، آزاد امیدوار کو الیکشن جیت کر 3 دن بعد کسی پارلیمانی پارٹی میں شمولیت کرنا ہوتی ہے۔

وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ میری درخواست ہے، الیکشن کمیشن پارٹی کے نامزد امیدواروں کے بیلٹ پیپرز پر آزاد امیدوار نہ لکھیں بلکہ پارٹی کا نام ساتھ لکھیں، قانون کے مطابق 2 طرح کے امیدوار ہوتے ہیں۔ ایک آزاد امیدوار اور دوسرے جنہیں پارٹی نے نامزد کیا ہے۔

وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ نہیں ہوگا کہ پارٹی کا نام ہی نہ دیا جائے، پاکستان تحریک انصاف 1996 سے الیکشن کمیشن میں بطور سیاسی جماعت رجسٹرڈ ہے، درخواست گزار این اے 128 سے پی ٹی آئی سے حمایت یافتہ امیدوار ہے، عدالت الیکشن کمیشن کی جانب سے آزاد امیدوار ڈیکلیئر کرنے کا اقدام کالعدم قرار دے کر بیلٹ پیپر پر پی ٹی آئی کا امیدوار درج کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp