بالی ووڈ کی آنے والی نئی فلم ’فائٹر‘ ریلیز سے پہلے ہی مسائل کا شکار ہوگئی جسے خلیجی ممالک کی ناپسندیدگی کا سامنا ہے۔
’فائٹر‘ کے پہلے ٹریلر کی ریلیز کے بعد بہت سے پاکستانی اداکاروں نے سوشل میڈیا پر فلم کی کہانی پر کڑی تنقید جس کی وجہ یہ تھی کہ اس فلم کے ذریعے پاکستان کے بارے میں غلط منفی پروپیگنڈا کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستانی اداکاروں کی تنقید کے جواب میں ’فائٹر‘ کے ہدایت کار سدھارتھ آنند کا کہنا تھا کہ فلم کے بارے میں اتنا سب کچھ بولنے کی کوئی تک نہیں بنتی۔
اب اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کے بعد خلیجی ممالک نے بھی اس فلم پر اپنی ناپسندیدگی ظاہر کرتے ہوئے اپنے ملکوں میں اس کی ریلیز کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ پورے گلف میں اب تک صرف متحدہ عرب امارات وہ واحد ملک ہے جس نے فی الحال فلم کی ریلیز سے انکار نہیں کیا لیکن دیگر خلیجی ممالک نے اس بارے میں اپنا حتمی فیصلہ سنا دیا ہے۔
چوں کہ خلیجی ممالک کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اس لیے وہ انہیں خراب کرنا نہیں چاہتے اس لیے انہوں نے فلم کو ریلیز کرنے سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ اگر خلیجی ممالک میں یہ فلم ریلیز نہ ہوسکی تو اس کے بزنس پر خاصا اثر پڑے گا۔ ’فائٹر‘ میں بالی ووڈ اداکار ریتک روشن اور دیپیکا پاڈوکون کا مرکزی کردار ہے اور یہ فلم مسئلہ کشمیر و پلوامہ حادثے پر بنی ہے۔