انتخابات 2024: خواجہ آصف کا پی ٹی آئی کی مقبولیت میں کمی اور فضا ن لیگ کے حق میں ہونے کا دعویٰ

بدھ 24 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما و سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے ابہام ختم ہوتا جا رہا ہے اور میں سیاسی گہما گہمی کے بعد صورتحال ن لیگ کے حق میں جاتے دیکھ رہا ہوں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ کچھ روز میں واضح ہو جائے گا کہ کون سی جماعت اکثریت حاصل کر سکتی ہے، پی ٹی آئی کے حق میں اگر کوئی سیلاب تھا بھی تو اب اترتا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف نے کہاکہ عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار اپنے مستقبل کو دیکھ کر کوئی بھی فیصلہ کریں گے، آزاد امیدوار اس پارٹی کا ساتھ دیں گے جو مستقبل میں انہیں ٹکٹ دے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سندھ میں ہمارے حالات زیادہ اچھے نہیں اور اس کے ذمہ دار بھی ہم خود ہیں۔

واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے سیاسی پارٹیوں نے اپنی انتخابی مہم جاری رکھی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں انتخابات 2024: وفاقی کابینہ نے پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دیدی

پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے زیراہتمام ملک کے مختلف علاقوں میں جلسے کیے جا رہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف اتوار سے اپنی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ اپنے انتخابی منشور کا اعلان 27 جنوی کو کرنے جا رہی ہے۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے منشور کمیٹی کے چیئرمین عرفان صدیقی نے کہاکہ جس جماعت کو حکومت ملنے کی امید ہو اسے پھونک پھونک کر قدم رکھنا پڑتے ہیں اور سوچ سمجھ کر لوگوں سے وعدے کرنا پڑتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم بلاول بھٹو کے بیان کا جواب دینا ضروری نہیں سمجھتے، اگر 10 نکاتی ایجنڈا ہی منشور ہے تو نوازشریف 21 اکتوبر کو 9 نکاتی ایجنڈا دے چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کا منشور کھوکھلے دعوؤں پر مشتمل نہیں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp