پنجاب پولیس نے ملتان کے علاقے مخدوم رشید میں بزرگ سیاستدان جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر چھاپا مار کر مبینہ طور پر ان کے رشتہ داروں سمیت بیشتر ملازمین کو گرفتار کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر چھاپا تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن کے موقع پر مارا جہاں سے پی ٹی آئی کے امیدوار زاہد بہار ہاشمی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
رات گئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی پوسٹ میں مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے بیسیوں اہلکاروں نے رات 1 بجے ان کی رہائش گاہ کا محاصرہ کر لیا اورغیر قانونی طورچادراورچاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے بلا وارنٹ اندر داخل ہوگئے۔
پنجاب پولیس کا رات 1 بجے بیسیوں اہلکاروں نے میری مخدوم رشید کی رہائش گاہ کا محاصرہ کر لیا ہے اور غیر قانونی طور میرے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے بلا وارنٹ اندر داخل ہوگئے۔ میرے داماد شاہد بہار ہاشمی اور نواسے قاسم ہاشمی کو غیر قانونی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔…
— Javed Hashmi (@JavedHashmiJH) January 24, 2024
اس مبینہ پولیس چھاپے کے باعث توڑ پھوڑ کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے مزید بتایا کہ نہ صرف ان کے داماد شاہد بہار ہاشمی اور نواسے قاسم ہاشمی کو غیر قانونی تحویل میں لے لیا گیا ہے بلکہ تمام ملازمین کو بھی گرفتار لیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر آج تحریک انصاف کا ورکرز کنونشن منعقد ہونا تھا، جس میں مہربانو قریشی اور زین قریشی کی شرکت متوقع تھی۔