پاکستان میں قتل عام میں بھارت ملوث نکلا، دفتر خارجہ نے تمام ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کر دیے

جمعرات 25 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کے پاکستان میں ماؤرائے عدالت قتلِ عام میں ملوث ہونے کے ثبوت مل گئے ہیں، پاکستان اپنے شہریوں اور سالمیت کا بھرپور دفاع کرے گا۔

سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے جمعرات کو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی ) کاؤنٹر ٹیررازم عبد الحمید کے ہمراہ پریس کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں ماؤرائے عدالت قتل عام میں ملوث ہے جس کے تمام تر ثبوت مل گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بریفنگ انتہائی اہم موضوع پر ہے جس میں آج ہم بھارت کی جانب سے پاکستان میں قتل عام پر بریفنگ دیں گے، اس بریفنگ میں 2 ایسے کیسز انتہائی اہم ہیں جن کے حوالے سے مکمل ثبوت مل گئے ہیں کہ ان دو افراد کے قتل میں بھارتی ایجنٹ ملوث ہیں۔

انہوں نے بتا یا کہ 11 اکتوبر کو شاہد لطیف کو سیالکوٹ میں قتل کیا گیا جس کے قتل میں بھارتی ایجنٹ یوگیش کمار ملوث تھا جس نے پاکستانی باشندے محمد عمیر کو قتل کے لیے ہائر کیاتھا۔ محمد عمیر نے 5 پیشہ ور قاتلوں کی مدد سے شاہد لطیف کو قتل کیا اور ملک سے باہر جانے میں کامیاب ہو گیا۔

محمد ریاض کو راولا کوٹ آزاد کشمیر میں میں قتل کیا گیا

سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ دوسرے پاکستان شہری محمد ریاض کو راولا کوٹ آزاد کشمیر میں میں قتل کیا گیا اور اس قتل میں بھی یوگیش کمار اور اشوک کمار ملوث تھے،جس نے قاتل محمد عبداللہ علی کو ہائیر کیا ، محمد ریاض کو بھارتی ایجنٹ نے 8 ستمبر کو قتل کیا، تفتیش کاروں نے تمام سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یوگیش کمار اور اشوک کمار کے پاسپورٹس کی تفصیلات جاری کر رہے ہیں، یہ بھارت کی جانب سے دوسرے ممالک میں دہشت گردی کی واضح مثال ہے ، بھارت کو ان قتلوں میں پاکستان کی جانب سے باقاعدہ ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ ہم کسی بھی طور پر پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی قبول نہیں کریں گے۔

بھارتی دہشت گردوں نے پاکستان میں 2 پاکستانی باشندوں کا قتل کیا

سائرس سجاد قاضی  نے کہا کہ بھارتی دہشت گردوں نے پاکستان میں 2 پاکستانی باشندوں کا قتل کیا، بھارتی ایجنٹوں نے اس قتل عام میں اپنے خریدے ہوے ایجنٹوں کی ہر طرح سے مکمل مدد فراہم کی، قاتلون کی خدمات سوشل میڈیا کے ذریعہ حاصل کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ 11 اکتوبر 2023 میں شاہد لطیف کو سیالکوٹ میں قتل کیا گیا، اس میں بھارتی ایجنٹ یوگیش کمار نے قاتل عمیر کی خدمات سوشل میڈیا کے ذریعے حاصل کیں جب کہ اس سے قبل بھی شاہد لطیف پر قتل کی کئی ناکام کوششیں کی گئیں، قاتل عمیر خود پاکستان آیا اور 5 رکنی ٹیم کے ہمراہ قتل کو عملی جامہ پہنایا۔

انہوں نے بتایا کہ دوسرا کیس راولا کوٹ میں محمد ریاض عرف ابو قاسم کے قتل کا ہے جس میں  قاتل عبداللہ علی کو ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا

وہ بیرون ملک فرار ہو رہا تھا، اس کو بھارتی ایجنٹ اشوک کمار نے سوشل میڈیا سے رابطہ کیا، محمد عبداللہ علی کو بیرون ممالک سے آپریٹ ہونے والے اکاؤنٹس سے ادائیگیاں کی گئی۔

 

یوگیس کمار اور اشوک کمار کے پاسپورٹ کی تفصیلات جاری کی جا رہی ہیں

سیکرٹری دفتر خارجہ نے بتایا کہ محمد عبداللہ علی اور ان کے ساتھیوں اور ان کے دیگر آلہ کاروں کو مختلف شہروں سے گرفتار کیا گیا۔ یوگیس کمار اور اشوک کمار کے پاسپورٹ کی تفصیلات جاری کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارتی ایجنٹون کو پاکستان اور دیگر ممالک میں قتل عام پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، پاکستان اپنی خود مختاری اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پر عزم ہے۔ ان 2 لوگوں کے قتل کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر بہت جشن منایا گیا تھا۔

 

کینیڈا اور پاکستان میں قتل کی واردات کا طریقہ کار ایک جیسا ہے

عمیر اور محمد عبداللہ علی کے اعترافی بیانات ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ بھارتی ایجنٹوں نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان میں قتل کیے۔  یہ صرف ہم نہیں کہہ رہے کینیڈا اور امریکا کا بھی یہی مؤقف ہے۔کینیڈا میں ہوئے قتل اور پاکستان میں ہوئے  قتلوں کا طریقہ کار بالکل ایک جیسا ہی معلوم ہوتا ہے۔

بھارت مزید ایسی کارروائیاں کر سکتا ہے

انہوں نے بتایا کہ بھارتی ایجنٹوں کے بارے میں کچھ معلومات حساسیت کی وجہ سے شیئر نہیں کی جا سکتیں تاہم  یوگیش کمار کا تعلق راجھستان سے جبکہ اشوک کمار کا تعلق کرناٹک سے ہے۔ اس کے علاوہ اور واقعات بھی ہوئے ہیں جن کی تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی۔ ان واقعات کے بعد ہم نے نگرانی بڑھا دی ہے۔ ہم اس کو نظر انداز نہیں کر سکتے کیوں کہ بھارت ایسی مزید کاروائیاں بھی کر سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp