نئے سسٹم کی آمد، پاکستان میں بارش اور برفباری کب سے شروع ہوگی؟

جمعرات 25 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ داخل ہونا شروع ہو گیا ہے جس کے باعث آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں تک ملک کے بیشتر علاقوں کہیں کہیں شدید برفباری اور موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ جمعرات کو ملک میں مغربی ہواؤں کا لمبا سلسلہ شروع ہو جائے گا  جس سے کہیں کہیں شدید برفباری اور موسلا دھار بارشیں ہوں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24  سے 48 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا بھی امکان ہے جبکہ ملک کے شمالی علاقوں اور شمالی، مغربی بلوچستان میں مطلع جزوی اَبر آلود رہنےکا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان اوربالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال، مغربی بلوچستان میں چند مقا مات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

 اس ہفتے اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کے امکانات ہیں ساتھ ہی مری، گلیات، نتھیا گلی، کالام، مظفر آباد، مالم جبہ سمیت سیاحتی مقامات پر بھی برفباری کے قوی امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بعد ازاں بارشوں کا یہ سلسلہ لاہور، فیصل آباد ، ملتان، بہاول پور، جہلم سمیت پنجاب، پشاور، نوشہرہ، وزیرستان، دیر، ایبٹ آباد سمیت خیبر پختونخوا، بلوجستان اور سندھ کے کچھ علاقوں تک پھیل جائے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سلسلے کے سبب اگلے ہفتے سے دُھند کی شدت میں واضح کمی آنے کے امکانات ہیں۔  اگلے ہفتے کے دوران بالائی علاقوں میں شدید برف باری کے امکانات بن سکتے ہیں خاص طور پر گلگت بلتستان، کشمیر اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید برف باری کے باعث مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ شدید برف باری اور بارش کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور پھسلن کے باعث حادثات رونما ہونے کا خدشہ موجود ہوتا ہے اس لیے وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ادھر موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں کہا ہے کہ ’جیسا کہ چند روز قبل پیش گوئی کی گئی تھی کہ کمزور مغربی ہواؤں کے زیر اثر بادل پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہو گئے ہیں۔  شمالی علاقوں کے مختلف علاقوں سے ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کی اطلاع دی جا رہی ہے جبکہ وزیرستان اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی برفباری کی اطلاع ہے۔

پنجاب اور مغربی سندھ اور ملحقہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دھند کا سلسلہ جاری ہے۔  کراچی میں خوشگوار دن جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26.5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp