اسلام آباد کی لیڈی ڈاکٹر نے 22 سالہ کشمیری نوجوان کو اغوا کر لیا

جمعہ 26 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کے پمز اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر نے 22 سالہ کشمیری نوجوان کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا۔ 10 جنوری کو پیش آئے اس واقعے کے عینی شاہدین کے مطابق لیڈی ڈاکٹر نے نیلم ویلی کے رہائشی محمد بلال سے اسپتال کے اندر تقریباً آدھا گھنٹہ بات چیت کی۔ اس کے بعد وہ بلال کو لے کر ٹیکسی میں سوار ہوئی اور اسپتال سے نکل گئی۔

اغوا کے اس واقعے کی ایف آئی آر بدھ کے روز تھانہ کراچی کمپنی میں درج ہوئی جس کے مطابق بلال کے ہمراہ اس کا کزن رضوان الرحمٰن بھی تھا۔ اس نے اسلام آباد پولیس کو بتایا کہ وہ لوگ پمز اسپتال میں دوائی لینے آئے تھے اور لیڈی ڈاکٹر کے ساتھ جاتے وقت بلال نے انہیں کہا کہ وہ ناشتہ کرلیں، وہ شام تک واپس آ جائے گا۔ رضوان اور باقی ساتھی شام تک انتظار کرتے رہے مگر بلال واپس نہ آیا جبکہ اس کے تینوں فون نمبر بھی بند تھے۔

ایف آئی آر میں درج ہے کہ لیڈی ڈاکٹر نے نیلے رنگ کی وردی، ڈاکٹرز والا سفید کوٹ، اور کالے جوتے پہن رکھے تھے جبکہ ہسپتال میں ملاقات سے پہلے اس کی بلال سےفون پر بھی بات ہوئی تھی۔

بلال کے والد محمد نذیر نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایف آئی آر میں جس رضوان کا ذکر ہوا ہے وہ بلال کا کزن نہیں ہے بلکہ یہی وہ شخص ہے جس نے بلال کو فون کر کہ گھر سے بلایا تھا کہ آؤ کام پر چلیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلال چائنہ کی کسی کمپنی میں فور مین تھا اور بالاکوٹ میں کام کرتا تھا۔ رضوان نے اسی دن اس کمپنی میں ملازمت اختیار کی تھی جس دن بلال کو فون کر کے بلایا۔

بلال چلہانہ، ضلع نیلم ویلی میں واقع اپنے گھر میں موجود تھا اور اس کے گھر والوں نے یہی سمجھا کہ اسے مظفر آباد کے ساتھی بالاکوٹ کام پر جانے کو بلا رہے ہیں۔

بلال کے والد نے مزید بتایا، ’ہم نہیں جانتے کہ بلال اور اس کے ساتھی بالاکوٹ کام پر جانے کے بجائے اسلام آباد کیسے پہنچ گئے اور وہ ڈاکٹر کون تھی جو بلال کو اغوا کرکے لے گئی‘۔

وی نیوز کے استفسار پر کیس کے تفتیشی آفیسر محمد وسیم عباسی نے بتایا کہ پولیس نے سی سی ٹی وی کی فوٹیج دیکھی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لیڈی ڈاکٹر ہی بلال کو ساتھ لے کر گئی۔ تاہم اسپتال کا عملہ اس لیڈی ڈاکٹر کی شناخت نہیں کر سکا۔ دوسری جانب پولیس نے بلال کے لواحقین کو بتایا ہے کہ بلال کو اغوا کرنے والی لیڈی ڈاکٹر نہیں بلکہ نرس تھی۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تفتیش کا عمل جاری ہے جس کے دوران اغوا کے اس انوکھے واقعے کے بارے مزید انکشافات کا امکان ہے ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

افواہیں مسترد، اڈیالہ جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کی صحت بالکل بہتر قرار دیدی

تحریک انصاف دہشتگردوں سے مذاکرات پر زور دیتی ہے، ان سے ایک ضلع ہی واپس لے کر دکھادے، خرم دستگیر خان

اچھے معاشی دن دور دور تک نظر نہیں آتے، مفتاح اسماعیل

کیا نوعمری 32 سال تک جاری رہتی ہے؟ نئی تحقیق نے دماغ کی 5 اہم ارتقائی منزلیں بیان کر دیں

دھرمیندر کی مسکراہٹ اور شفقت کبھی نہیں بھول سکوں گی، ارچنا پورن سنگھ

ویڈیو

پاکستان میں بے روزگاری کا طوفان، 56 لاکھ لوگ بے روزگار، خیبر پختونخوا سب سے آگے

شہباز شریف کی چھٹی، مریم نواز اگلی وزیراعظم، قومی اسمبلی تحلیل، نئے الیکشن کی گونچ، کل کا دن اہم کیوں؟

وی ایکسکلوسیو: اسمبلی توڑ دیتا تو آج بھی وزیراعظم ہوتا، چوہدری انوارالحق

کالم / تجزیہ

این اے 18 ہری پور سے ہار پی ٹی آئی کو لے کر بیٹھ سکتی ہے

دیوبند کا سب سے بڑا محسن : محمد علی جناح

پاکستان کا جی ایس پی پلس سفر جاری رہے گا