انتخابات میں بلاول بھٹو کے حق میں بیٹھ جانے پر سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو پی ٹی آئی کا شوکاز جاری

جمعہ 26 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی اور بلاول بھٹو زرداری کے حق میں حلقہ این اے 194 لاڑکانہ سے دستبرداری پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاؤس لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے جمعے کو ملاقات کی جس میں سیف اللہ ابڑو نے لاڑکانہ کی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 194 سے بلاول بھٹو کے حق میں الیکشن دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی میڈیا سیل کی پریس ریلیز کے مطابق نوٹس میں کہا گیا کہ پارٹی قیادت کے علم میں آیا ہے کہ آپ نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔

سیف اللہ ابڑو نے پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین و امیدوار بلاول بھٹو زرداری کے حق میں پارٹی کی طرف سے دیے گئے ٹکٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا، وہ سینیٹ آف پاکستان میں پارٹی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔

نوٹس میں کہا گیا کہ تحریک انصاف نے سیف اللہ ابڑو کو 2024 کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پارٹی ٹکٹ سے نوازا تھا، پارٹی ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی کرنے پر سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس دیا جاتا ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا کہ سیف اللہ ابڑو پارٹی کو 3 دن کے اندر وضاحتی بیان جمع کرائیں وگرنہ جواب نہ دینے کی صورت میں پارٹی پالیسی اور قواعد و ضوابط کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

’انتخابی نتائج سے چھیڑخانی کی منصوبہ بندی‘ پر پی ٹی آئی کا اظہار تشویش

دریں اثنا ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ قبل از انتخاب دھاندلی کی بدترین ریاستی کوششوں کے بعد عوام کے ووٹ کے حق پر تکنیکی ذرائع سے ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ ترجمان کی جانب سے انتخابی نتائج کے ساتھ ایک خفیہ سافٹ ویئر کے ذریعے مبینہ چھیڑ چھاڑ کی منصوبہ بندی کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہارکیا گیا۔

عوام کے ووٹ کی حرمت کو طاقت، جبر اور خفیہ تدبیروں سے پامال کرنے کی کوششیں ملک کے لیے تباہ کن ثابت ہوں گی۔ ہر ممکن طریقے سے تحریک انصاف کو انتخابی عمل سے باہر کرنے کی ناکام ریاستی کوششوں کے بعد منصوبہ ساز براہِ راست عوام اور ووٹرز کو نشانہ بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ایک جانب تحریک انصاف کی ویب سائٹ کو بند کرکے عوام کو اپنے امیدواروں کے بارے میں معلومات سے روکا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف مصدقہ ذرائع سے نتائج میں خفیہ ردّوبدل کیلئے ایک خفیہ سافٹ ویئر کی تیاری کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔

بدترین قبل از انتخاب دھاندلی کی کوششوں کے بعد انتخابی نتائج سے چھیڑ چھاڑ انتخابات کی ساکھ اور حیثیت کو خاک میں ملا دے گا۔

تحریک انصاف کی پشت پر کھڑے 24 کروڑ پاکستانی اپنے ووٹ کے ذریعے تحریک انصاف کو سیاست و حکومت کی قیادت سونپنے پر مکمل یکسو اور پرعزم ہیں۔ تحریک انصاف کو مشقِ انتقام بنانے کے لیے عوام کے ووٹ پر حملہ کیا گیا تو واضح طور پر عوام کی توہین ہوگی جس کے نتائج شدید عوامی ردّعمل کی شکل میں ظاہر ہوں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پارٹی اکبر ایس بابر کے خلاف فراڈ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کروائے گی اور سیاست و جمہوریت کو ’ٹاؤٹ گردی‘ کی بھینٹ چڑھانے کے سلسلے کی راہ روکے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp