پاکستان کا فلسطینیوں سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر فوری عملدآمد کا مطالبہ

جمعہ 26 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے فلسطینییوں کی نسل کشی سے متعلق عالمی عدالت انصاف ( آئی سی جے) کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصلے پر فوری مؤثر اور مکمل عمل درآمد اور غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

جمعہ کو عالمی عدالتِ انصاف کا فیصلہ آنے کے بعد دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) کی جانب سے جمعہ کو سنائے گئے فیصلے میں عبوری اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے، جس میں عدالت نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ بادی النظر میں اسے اسرائیل کے خلاف کیس کی سماعت کا اختیار حاصل ہے اور جنوبی افریقہ کے فلسطینیوں کی نسل کشی کے دعوے ’ قابل قبول‘ ہیں۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ عالمی عدالتِ انصاف کے ان عارضی اقدامات پر عمل درآمد کے لیے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے تاکہ غزہ کے عوام کو درپیش مصائب کا خاتمہ ہو سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے اسرائیل فلسطینی عوام کے خلاف فوجی جارحیت اور مجرمانہ کارروائیوں میں مصروف ہے۔ پاکستان آئی سی جے کے فیصلے کو بروقت اور فلسطینی عوام کے لیے انصاف کے حصول اور اسرائیل کے بین الاقوامی احتساب کے لیے ایک اہم سنگ میل سمجھتا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان آئی سی جے کے فیصلے پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ اقوام متحدہ کے چارٹر، متعلقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق فلسطینی عوام کے بنیادی انسانی حقوق، وقار اور شناخت کو برقرار رکھا جاسکے۔

 پاکستان فلسطینی عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ اسی جذبے کے ساتھ پاکستان نے جنوبی افریقہ کی جانب سے 1948 کے نسل کشی کنونشن کے تحت اسرائیل کے خلاف آئی سی جے میں دائر درخواست کی حمایت کی ہے جس کے بعد عدالت نے جمعہ کو عبوری اقدامات کا اعلان کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جمعہ کو عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے ) نے اسرائیل کو حکم دے دیا ہے کہ وہ غزہ میں فلسطینیوں کے حوالے سے فوری طور پر متعدد اقدامات کرے تاکہ نسل کشی کنونشن کے تحت ممنوعہ اقدامات کو روکا جا سکے جن کے تحت فلسطینیوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔

 عدالت نے اسرائیل کو یہ بھی حکم دیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو درپیش زندگی کے نامساعد حالات سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر ضروری بنیادی اور انسانی امداد کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp