عام انتخابات 2024 میں انتخابی فہرستوں سے بذریعہ ایس ایم ایس اپنے ووٹ کے بارے میں معلومات 29 جنوری سے حاصل کی جاسکیں گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 29 جنوری 2024 سے عوام الناس کو 8300 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اپنے ووٹ اور پولنگ اسٹیشن کی معلومات فراہم کے انتظامات کر لیے ہیں اور اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں
کمیشن کے ترجمان کے مطابق ووٹرز کو اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کرنے کے لیے 8300 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیجنا ہو گا۔ یہ سروس 29 جنوری 2024 سے دستیاب ہو گی اور ہر ووٹر اس سروس کے ذریعے اپنے پولنگ اسٹیشن کا نام معلوم کر سکے گا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سروس کے چارچز 2 روپے فی ایس ایم ایس ہیں۔ تمام ووٹرز سے درخواست ہے کہ وہ اپنے اور گھر والوں کے ووٹ کی تفصیلات بروقت حاصل کر لیں تاکہ پولنگ اسٹیشن میں انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔