جھنگ میں سردیوں کی خاص غذا، السی کے لڈو کیسے بنائے جاتے ہیں؟

اتوار 28 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب کے علاقے جھنگ میں سردی آئے اور گھروں میں السی کی پِنیاں (لڈو) نہ بنیں یہ ممکن ہی نہیں۔ السی کے بیجوں کا استعمال صدیوں سے کیا جا رہا ہے جبکہ موسم سرما میں اس سے ایک سوغات السی کی پِنیاں بنائی جاتی ہیں جن کے استعمال سے غذائیت سمیت جسم کو حرارت بھی ملتی ہے۔ السی کی پنیاں یا لڈو جھنگ کے گھروں تک ہی محدوود نہیں بلکہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں بچے، نوجوان اور بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔

السی کی پِنیاں (لڈو) بنانے کی ترکیب

درکار اجزا

گندم کا آٹا 2 کلو، السی ایک کلو، سرسوں کا آئل ایک لیٹر، گُڑ (چینی) ڈیڑھ کلو، بادام حسب ذائقہ، مونگ پھلی کے دانے حسب ذائقہ، دیگر ڈرائی فروٹ حسب ذائقہ

بنانے کا طریقہ

سب سے پہلے کھلے منہ والے برتن میں ہلکی آنچ پر گندم کا آٹا بھوننے کے لیے رکھ دیں اور اسے مسلسل تب تک ہلائیں جب تک اس کی رنگت کچھ تبدیل نہیں ہوجاتی۔ پھر اسے کسی برتن میں اتار لیں۔

اس کے بعد اسی ہلکی آنچ پر السی کو رکھیں اور اسے بھی مسلسل چمچے کی مدد سے ہلاتے رہیںَ۔ جب اس کی رنگت کچھ تبدیل ہونا شروع ہو جائے تو سمجھ لیں کہ السی بھن گئی ہے اور اسے بھی کسی الگ برتن میں نکال لیں۔ اور گرینڈر کی مدد سے اسے پیس لیں۔

اب سرسوں کے آئل کو چولہے پر رکھیں اور گرم ہونے کا انتظار کریں۔ سرسوں کا آئل کیونکہ آرگیننک ہے اور دوسرے آئل کی نسبت گاڑھا بھی ہوتا ہے اس لیے اس میں گوندھے ہوئے آٹے میں تھوڑا گُڑ ملا کر پکوڑوں کی طرح ایک 2 پکوڑے نکال لیں تاکہ یہ آئل قابل استعمال ہوجائے۔ اس میں عام پکوڑے بھی تلے جاسکتے ہیں۔ اس کے بعد سرسوں کے آئل کو چولہے یعنی آگ سے اتار لیں۔

اب 2 لیٹر پانی کو کسی کھلے منہ والے برتن میں ڈال کر چولہے پر رکھ دیں اور اس میں گُڑ ڈال دیں۔ اسے تب تک پکنے دیں جب تک یہ گاڑھا نہیں ہوجاتا۔ اس دوران اسے وقفے وقفے سے ہلاتے بھی رہیںَ۔ جب شیرا تیار ہوجائے تو اسے چولہے سے اتار لیں۔

اس گرم گرم شیرے میں تمام اجزا جن میں بھنا ہوا آٹا، سرسوں کا تیل، بھنی ہوئی السی، ڈرائی فروٹ ڈال کر کسی چمچ سے مکس کرلیں اور مناسب ٹھنڈا ہونے دیں۔

السی کے لڈو کے لیےمرکب تیار ہے۔ اسے اب ہاتھوں سے گول پِنیوں کی شکل دے دیں۔

السی کی پنیاں یا لڈو اب کھانے کے لیے تیار ہیںَ، یہ اپنےاہل خانہ کے لیے ضرور بنائیں اور دوستوں کو بھی تحفہ کریں۔ یہ پنیاں 6 ماہ تک بھی کمرے کے درجہ حرارت میں خراب نہیں ہوتیں۔

السی کے حیرت انگیز فوائد

سپرفوڈ قرار دیا جانے والی غذائیت سے بھرپور سرما کی سوغات السی کے بہت سے فوائد ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق السی کے بیج غذائیت سے بھر پور ہونے کے سبب اس کا استعمال کھانسی، نزلہ و زکام، بلغم، جوڑوں کے درد، موٹاپا، بواسیر، جِلدی بیماریوں، دل کے امراض، تھکن ، متعدد نسوانی شکایات کا حل، گردے میں پتھری، سُستی وغیرہ کے لیے بہترین غذا ہے۔ اس میں بڑی تعداد میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہے جسے کھانے سے جِلد صاف ہوتی ہے، اس کے استعمال سے بال مضبوط اور لمبے ہوتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp