کوئی چوتھی بار وزیراعظم بن بھی گیا تو بہتری نہیں آئے گی، بلاول بھٹو کے نوازشریف پر طنز کے تیر

اتوار 28 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ چوتھی بار وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنے والے غلط فہمی میں ہیں کیونکہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان کے عوام کسی شخص کو چوتھی بار وزیراعظم بنتے نہیں دیکھنا چاہتے۔

انہوں نے نام لیے بغیر نوازشریف پر تقنید کرتے ہوئے کہاکہ اگر کوئی شخص چوتھی بار وزیراعظم بن بھی گیا تو یہ ملک ایسے ہی چلتا رہے گا، کوئی بہتری نہیں آئے گی۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ عمران خان بھی کسی صورت وزیراعظم نہیں بنے گا، اس کی جماعت کے تمام عہدیدار پلانٹنڈ ہیں اس لیے عوام آزاد امیدواروں کو ووٹ دے کر ضائع نہ کریں۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ عوام تیر پر مہر لگائیں، ہم مل کر شیر کا شکار کریں گے اور حکومت بنا کر معاشی معاہدے پر عملدرآمد کرتے ہوئے تمام مسائل کا حل نکالیں گے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو تمام مسائل سے نمٹ سکتی ہے کیونکہ اس وقت ملک خطرے میں ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں معاشی کے ساتھ جمہوری بحران ہے، اس کے علاوہ دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہے ہیں۔

ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ کوئی گڈ اور بیڈ طالبان نہیں

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ اب ملک میں کوئی گڈ اور بیڈ طالبان نہیں، صرف اس کو مانیں گے جو پاکستان کے آئین کو مانتا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ عوام 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگائیں ہم ملک سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کے نظریاتی کارکنوں کو سمجھایا جائے کہ ن لیگ ووٹ کو عزت دو کے نظریہ سے ہٹ چکی ہے اور وہی پرانی سیاست کر رہی ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگائیں، پیپلزپارٹی کے پاس تجربہ کار ٹیم ہے جو ملک کو استحکام دلا سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp