دنیا کے 86 ممالک سے بھی بڑا قومی اسمبلی کا حلقہ کون سا ہے؟

پیر 29 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

8 فروری 2024 کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کے لیے سیاسی گہما گہمی عروج پر ہے، سیاسی جماعتوں سے وابستہ اور آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے والے امیدوار اپنی اپنی فتح کے لیے انتخابی حلقوں میں جلسے، جلوس، ریلیاں اور کارنر میٹنگز کے علاوہ ’ڈور ٹو ڈور‘ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ میل ملاقاتوں کا یہ کام ان امیدواروں کے لیے تو نسبتاً آسان ہے جن کے انتخابی حلقے کی حدود زیادہ وسیع نہیں۔ تاہم اگر حلقہ بلوچستان کے این اے 260 کا ہو تو امیدوار ہانپ جاتے ہیں۔

بات یہ ہے کہ بلوچستان این اے 260 کے حلقے کا کُل رقبہ دنیا کے 86 ممالک سے بھی زیادہ ہے، جبکہ قومی اسمبلی کا یہ ایک حلقہ پورے خیبر پختونخوا صوبے کے نصف رقبے سے بھی زیادہ ہے۔

98 ہزار کلومیٹر پر محیط رقبے کے لحاظ سے قومی اسمبلی کا سب سے بڑا  حلقہ این اے 260 بلوچستان کے 4 اضلاع نوشکی، واشک، خاران اور چاغی پر مشتمل ہے۔

رقبے کے اعتبار سے دیکھا جائے تو کُل رقبہ 98 ہزار 596 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے، جو پورے خیبر پختونخوا صوبے کے رقبے سے محض 3 ہزار 145 مربع کلومیٹر کم ہے۔

دلچسپ بات تو یہ ہے کہ دنیا کے 86 ممالک ایسے ہیں جو قومی اسمبلی کے اس ایک حلقے سے چھوٹے ہیں، ان ممالک میں سری لنکا، عرب امارات، قطر، کویت، اردن، بیلجیئم، سوئیٹزرلینڈ، ڈنمارک اور کروشیا سمیت کئی اہم ممالک بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق قومی اسمبلی کے اس حلقے کی کُل آبادی 10 لاکھ 44 ہزار نفوس پر مشتمل ہے، جس میں 3 لاکھ 65 ہزار 589 ووٹرز موجود ہیں جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 2 ہزار 289 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 63 ہزار 300 ہے۔

 حلقے کی جغرافیائی اہمیت

این اے 260 سے 2 بین الاقوامی بارڈرز، افغانستان اور ایران بھی متصل ہیں، جبکہ سیندک اور ریکوڈک میں سونے اور تانبے کے بیش بہا ذخائر کے علاوہ ’راسکوہ‘ کا وہ پہاڑ بھی واقع ہے جہاں ایٹمی دھماکا کیا گیا تھا۔

 اس حلقے میں آنے والے ضلع چاغی کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو قدرتی دولت سے مالا مال گردانے جاتے ہیں، جبکہ سرحدی تجارت کے لیے بھی اس علاقے کی اہمیت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔

 حلقے کے مسائل

رقبے کے لحاظ سے قومی اسمبلی کے اس سب سے بڑے حلقے میں بے شمار مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔ وی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے حلقے کے ووٹر خیر محمد نے بتایا کہ یوں تو بلوچستان مسائل کا گڑھ ہے، لیکن یہ حلقہ صوبے کے دیگر حلقوں سے بھی بے پناہ پسماندہ ہے۔

خیر محمد کے مطابق حلقے میں تعلیم، صحت، بجلی کی فراہمی پانی اور انفرااسٹرکچر بڑے مسائل میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بدامنی کی صورتحال اور بارڈر منیجمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے بیروزگاری ایک بڑا چیلنج ہے۔ چونکہ یہ علاقے 2 ممالک سے بارڈر شیئر کرتا ہے اس لیے یہ علاقہ غیر قانونی تجارت کی زد میں ہے، جس کا فائدہ یہاں کے مقامی لوگوں کو نہیں ہوتا۔

خیر محمد نے مزید بتایا کہ ہر انتخاب کے موقع پر عوامی نمائندے گھر گھر آکر دعوے اور وعدے تو کرتے ہیں مگر حقیقی معنوں میں یہاں کے مسائل کے حل میں وہ مکمل طور پر ناکام  ہوجاتے ہیں۔ یہاں کے متعدد لوگ قبائلی اثرورسوخ پر اپنے ووٹ کاسٹ کرتے ہیں جس کی وجہ سے حقیقی نمائندے کبھی ایوان تک نہیں پہنچ پاتے۔

حلقے میں سیاسی اثرورسوخ

قومی اسمبلی کے اس حلقے میں قومی سطح کی حامل جماعتوں سے زیادہ قوم پرست اور مذہبی جماعتوں کا ووٹ بینک ہمیشہ سے موجود رہا ہے۔ سال 2018 کے انتخابات میں اس حلقے سے بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے ہاشم نوتیزئی منتخب ہوئے تھے، جو وفاقی وزیر بھی رہے۔

اس کے علاوہ جمعیت علمائے اسلام کے عثمان بادینی بھی رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں، اس کے علاوہ سردار فتح محمد حسنی بھی کئی بار اسی حلقے سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہ چکے ہیں۔

قومی اسمبلی کا یہ حلقہ افراد بادینی، مینگل، محمد حسنی، جمالدینی سمیت دیگر بلوچ اقوام پر مشتمل ہے۔

یہاں پر قومی اسمبلی کی 3 نشستیں ہونی چاہیے تھیں

اس حلقے سے اس بار انتخابات میں حصہ لینے والے جمعیت علمائے اسلام کے عثمان بادینی کے مطابق وقت کم ہونے کی وجہ سے امیدوار حلقے میں مکمل طورپر انتخابی مہم نہیں چلاسکتے، یہ حلقہ اتنا بڑا ہے کہ یہاں پر قومی اسمبلی کی 3 نشستیں ہونی چاہیے تھیں، تاہم ہماری جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پنجاب حکومت اور تعلیم کے عالمی شہرت یافتہ ماہر سر مائیکل باربر کے درمیان مل کر کام کرنے پر اتفاق

وسط ایشیائی ریاستوں نے پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، وزیراعظم پاکستان

حکومت کا بیرون ملک جاکر بھیک مانگنے والے 2 ہزار سے زیادہ بھکاریوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا فیصلہ

کوپا امریکا کا بڑا اپ سیٹ، یوراگوئے نے برازیل کو ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

ٹی20 کرکٹ سے ریٹائر بھارتی کپتان روہت شرما کیا ون ڈے اور ٹیسٹ کے کپتان برقرار رہیں گے؟

ویڈیو

پنک بس سروس: اسلام آباد کی ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کے لیے خوشخبری

کنوؤں اور کوئلہ کانوں میں پھنسے افراد کا سراغ لگانے کے لیے مقامی شخص کی کیمرا ڈیوائس کتنی کارگر؟

سندھ میں بہترین کام، چچا بھتیجی فیل، نصرت جاوید کا تجزیہ

کالم / تجزیہ

روس کو پاکستان سے سچا پیار ہوگیا ہے؟

مریم کیا کرے؟

4 جولائی: جب نواز شریف نے پاکستان کو ایک تباہ کن جنگ سے بچا لیا