بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے تینوں حلقوں این اے 46، 47 اور 48 جبکہ راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 اور 57 میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں نے ریلیاں نکالیں اور مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے بھی خطاب کیا۔
مختلف مقامات پر پولیس کا پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ آمنا سامنا ہوا جس پر متعدد کارکنان ریلی چھوڑ کر چلتے نظر آئے، اس موقع پر پولیس نے متعدد کارکنان کو گرفتار بھی کیا۔
مزید پڑھیں
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حلقہ این اے 46 سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار عامر مغل نے سیکٹر جی 13 سے جی 11 کی جانب کشمیر ہائی وے پر ریلی نکالی، اس ریلی میں 2 درجن سے زیادہ گاڑیاں اور موٹر سائیکل شامل تھے جن پر کارکنان سوار تھے۔
عمران خان کا پیغام ہے کہ خوف کے بت توڑنے ہیں، عامر مغل
عامر مغل نے آئی ٹین میں کارنر میٹنگ سے خطاب کیا اور کہاکہ میرے لیڈر عمران خان کا پیغام ہے کہ خوف کے بت توڑنے ہیں اور اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکنا۔ ہم آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر بات کریں گے۔ ڈر اور خوف کو ذہنوں سے نکالنا ہو گا۔
میٹنگ میں قیدی نمبر 804 کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔ عامر مغل نے جی نائن مرکز میں کارنر میٹنگ سے بھی خطاب کیا۔
اسلام آباد کے حلقہ این اے 47 میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار شعیب شاہین ایڈووکیٹ کی قیادت میں کارکنان کی ریلی نکالی گئی جو بحریہ انکلیو سے شروع ہو کر کری شہر میں اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں شرکت کے لیے جانے والے کارکنان کو سیکٹر جی نائن، بہارہ کہو، چراہ، نیلور، چک شہزاد سمیت مختلف مقامات پر پولیس کی جانب سے رکاوٹوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
عوام نے نظام کی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے، شعیب شاہین
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہاکہ عوام خوف کے بت توڑ دیں۔ عوام نے نظام کی تبدیلی اور ملک سے ظلم و بربریت کے خاتمے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آج ملک میں آئین پامال ہو چکا ہے، آئین کے محافظوں نے ہی آئین کی پامالی کی ہے۔ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان تک چھین لیا گیا۔ 8 فروری اس فرسودہ نظام کے خاتمے کا دن ثابت ہو گا۔
ایڈووکیٹ شعیب شاہین نے ملپور، اٹھال اور یونس جنجوعہ کی رہائشگاہ سمیت دیگر مقامات پر منعقدہ کارنر میٹنگز میں بھی شرکت کی جبکہ پنڈ بگوال میں ورکرز کنونشن سے خطاب اور مارگلہ ٹاؤن میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم بھی چلائی۔
سید محمد علی بخاری کی قیادت میں ترامڑی کے مقام پر ریلی
اسلام آباد کے حلقہ این اے 48 میں پی ٹی آئی امیدوار سید محمد علی بخاری کی قیادت میں کارکنان نے ترامڑی کے مقام پر ریلی نکالی۔ سید محمد علی بخاری نے ناڑا سیداں اور ترلائی خوور میں انتخابی مہم کے حوالے سے منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کیا اور سواں گارڈن کے بازار میں بھی شاپ ٹو شاپ انتخابی مہم میں شرکت کی۔
این اے 56 میں سید پور روڈ پر ریلی کا اختتام
اسی طرح راولپنڈی کے حلقہ این اے 56 میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے ریلی نکالی گئی جو ڈھوک رتہ سے ہوتی ہوئی سید پور روڈ پر اختتام پذیر ہوئی، ریلی کو پنجاب پولیس نے مختلف مقامات پر روکا جس پر کارکنان نے پولیس کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی، پولیس نے ریلی سے بعض کارکنان کو گرفتار بھی کیا۔
این اے 57 سے نکالی گئی ریلی کی قیادت سیمابیہ طاہر نے کی
راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 سے پی ٹی آئی امیدوار سیمابیہ طاہر نے ریلی کی قیادت کی، ریلی پرانے ایئرپورٹ کے سامنے سے گزر رہی تھی کہ اس دوران پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کا آمنا سامنا ہو گیا، جس پر متعدد کارکنان ریلی چھوڑ کر چلے گئے، بعض کارکنان کو تھانہ ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار بھی کیا۔