نگراں وفاقی وزیربرائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ ملک میں خناق کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کا امکان کم ہے۔
پیر کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیربرائے قومی صحت ڈاکٹرندیم جان کی ہدایت پر خناق کی روک تھام کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
ڈاکٹرندیم جان نے کہا کہ سردیوں میں خناق کے پھیلاؤ کا خطرہ معمولی طور پر بڑھ جاتا ہے تاہم ملک میں اس مرض کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کا امکان کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری کا مقصد صحت کے اداروں کو احتیاط اور کنٹرول بارے اقدامات سے آگاہ کرنا ہے۔
محکمہ صحت اور متعلقہ حکام کو خناق کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ ایک شخص سے دوسرے کو لاحق ہونے والا مرض ہے۔
ڈاکٹرندیم جان نے کہا کہ خناق کا جرثومہ مریض کو چھونے، کھانسنے اور چھینکنے سے پھیلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کوخناق سے بچاؤ کے لیےشیڈول کےمطابق ویکسین لگوائیں۔ بیماری کی صورت میں فورا مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں۔