پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز (پی پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف ہمیشہ لاڈلے ہوتے ہیں اور جب لاڈلے نہیں ہوتے تو اقتدار سے نکل جاتے ہیں۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ الیکشن میں ایک دوسرے پر تنقید جائز ہے، بلاول بھٹو مسلم لیگ ن مخالف ووٹ کو اپنی طرف کھینچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا ہدف پنجاب ہے اور اس بار تو ہم پنجاب میں ضرور بیٹھیں گے کیونکہ یہاں احساس محرومی ہے مگر لوگوں کو نظر نہیں آتا۔ بینظیر بھٹو کے دور سے ہمیں پنجاب سے نکالنے کی کوشش کی گئی۔
آصف زرداری نے حکومت بنانے کیلئے پتے شو کردیئے، دیکھئے سابق صدر آصف زرداری کا اہم ترین انٹرویو "فیصلہ آپ کا" میں آج رات 8 بج کر 3 منٹ پر@asmashirazi pic.twitter.com/XxHCvMxuPv
— HUM News اردو (@humnews_urdu) January 29, 2024
آصف زرداری نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی بڑی پارٹیاں بن کر سامنے آئیں گی، تحریک انصاف اب ایک سائیڈ شو ہی رہے گی۔
سابق صدر ممملکت نے کہاکہ تحریک انصاف نہ تحریک ہے نہ فلاسفی، یہ بدتمیزی کا ڈراما ہے۔ بہت سے لوگ جو تحریک انصاف میں چلے گئے تھے وہ پیپلزپارٹی میں واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔
Related Posts
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی پورے ملک سے اچھے نتائج دے گی، کراچی میں اگر کچھ رکاوٹیں نہ ہوں تو پورے کراچی کی نشستیں ہم جیت سکتے ہیں۔
آصف زرداری نے کہاکہ اگر لطیف کھوسہ جیت گئے تو مجھے بہت حیرت ہوگی۔
سابق صدر نے کہاکہ شہباز شریف کو میں نے وزیراعظم بنوایا مگر یہ لکیر کے فقیر ہیں، آؤٹ آف باکس نہیں سوچتے۔ بلاول بھٹو کے لیے وزارت خارجہ کا تجربہ چاہیے تھا، اب اسے وزیراعظم دیکھنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ بلوچوں کو بڑے پیار سے سنبھالنا پڑے گا، لاپتا افراد کا معاملہ بھی ہم حل کر لیں گے، اس کے علاوہ معاشی مشکلات کا حل بھی نکل آئے گا کیونکہ جب آپ حکومت میں ہوتے ہیں تو فری ہینڈ ہوتا ہے۔
عمران خان سیاسی قیدیوں میں نہیں آتے
سابق صدر مملکت نے کہاکہ میرے دور میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔ میرے خیال میں عمران خان سیاسی قیدیوں میں نہیں آتے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلاول عام سیاسی قیدیوں کو جیل میں نہ رکھنے کی بات کر رہا ہے، سزا یافتہ کی نہیں۔
آصف زرداری نے کہاکہ انتخابات کے بعد سیاسی بحران کم ہو جائے گا اور پھر سب کو کام کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ووٹوں کے بغیر کوئی وزیراعظم نہیں بن سکتا۔ ’ہمارے ووٹوں کے بغیر نواز شریف اور ن لیگ کے ووٹوں کے بغیر بلاول وزیراعظم نہیں بن سکے گا۔
سابق صدر مملکت نے کہاکہ انتخابات کے بعد سیاسی بحران کم ہو جائے گا کیونکہ انتخابات پر اعتراضات کے باوجود حکومتیں چلتی رہتی ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عمران خان جیل میں سیکھ رہا ہے، وقت سب سکھا دیتا ہے۔
نواز شریف سزا یافتہ تھے پھر بھی کیسز ختم ہو گئے
انہوں نے کہاکہ نوازشریف سزا یافتہ تھے اس کے باوجود ان کے کیسز ختم ہو گئے مگر مجھ پر کیسز چل رہے ہیں۔ نوازشریف کے ساتھ زیادتی ہوئی یا نہیں مگر آسانی بھی تو بہت ہوئی۔ یہ جادوگری ہمیں نہیں آتی کیونکہ ہمارا ڈومیسائل کمزور ہے۔
آصف زرداری نے امید ظاہر کی آئندہ بننے والی حکومت مدت پوری کرے گی۔ اور یہ بھی امید ہے کہ بلاول بھٹو لاہور سے الیکشن جیت جائیں گے اور پھر یہاں سے آصفہ بھٹو میدان میں اتریں گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ غریب عوام کے لیے 300 بجلی کے یونٹ معاف کرنا آسان ہے کیونکہ اتنا تو لائن لاسز ہے، ڈسکوز کی نجکاری کر دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم پی آئی اے کو پاؤں پر کھڑا کریں گے مگر کسی کو بیچنے نہیں دیں گے۔