عمران خان ، شاہ محمود کو سزا: پی ٹی آئی نے کارکنوں کو آئندہ کا لائحہ عمل بتا دیا

منگل 30 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کو سزا سنائے جانے کے بعد ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے تمام ممبران اور پاکستانیوں سے گزارش ہے کہ اس کینگرو عدالت کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان اور وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی کے خلاف فیصلے کے بعد پرسکون اور پرامن رہیں۔

سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان 8 فروری 2024 کو بڑی تعداد میں باہر آنے پر توجہ دیں تاکہ زیادہ تعداد میں ووٹرز کی ووٹنگ کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی ٹویٹ

انہوں نے تحریک انصاف کے حامی ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ  وزیر اعظم عمران خان کے نامزد کردہ امیدواروں کو ووٹ دیں جن کے نام پی ٹی آئی کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا چینلز پر پوسٹ کیے گئے ہیں۔

عمر ایوب خان نے لکھا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ ’قانون کی حکمرانی‘ کے اصول کی پاسداری کی ہے۔ موجودہ کینگرو عدالت کا فیصلہ ہمیں اس اصول کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکے گا۔

’پی ٹی آئی کے کارکنان پرسکون رہیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں جس سے پرامن جدوجہد کے ہمارے روایتی موقف کو نقصان پہنچے‘۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے اور اپنی قانونی جنگ جاری رکھیں گے۔

’ہمیں اپنی توانائیوں کو 8 فروری 2024 کو پولنگ والے دن کے لیے بروئے کار لانا چاہیے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے اور وزیر اعظم عمران خان کے نامزد امیدوار بھاری اکثریت کے ساتھ اسمبلیوں میں واپس آئیں‘۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کو جمہوری راستے پر ڈالنے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی تاکہ قانون اور آئین کی بالادستی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یاد رہے کہ آج  آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین سائفر کیس میں جرم ثابت ہونے پر سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو  10 سال قید کی سزا سنا دی۔ کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ہوئی۔

فیصلہ سنائے جانے کے وقت بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp