سبی میں پی ٹی آئی انتخابی ریلی کے روٹ پر دھماکا، 4 افراد جاں بحق

منگل 30 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سبی کے علاقے جناح روڈ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ریلی گزرتے ہی ایک زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں اور  لاشوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریں اثنا کوئٹہ کے اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ محکمہ صحت نے تمام ڈاکٹرز اور عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایات جاری کردیں۔

ڈسٹرکٹ اسپتال سبی کے ایم ایس ڈاکٹر بابر اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عمران بلوچ کی جانب سے جاری کی گئی تفصیل کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت حماد خان ولد سرور خان، عبدالواسع ولد عبدالباسط، محمد رفیق ولد حسین بخش کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ ایک مرنے والے شخص کی شناخت نہیں ہو سکی۔

اس کے علاوہ زخمی ہونے والوں میں سہراب خان، رونق کمار، نادر حسین، میر محمد اور عبدالحسیب شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 3 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

واضح رہے کہ حملے کے مقام کے پاس انتخابات کے سلسلے میں پی ٹی آئی کی ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا اور اسی دوران دھماکے ہو گیا جس سے افراتفری پھیل گئی۔

دھماکے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا اور سیکیورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تحقیقات کی روشنی میں دھماکا خیز مواد قریبی موٹر سائیکل میں نصب معلوم ہوتا ہے تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ مزید تحقیق کر رہا ہے۔

پی ٹی آئی ریلی پر حملہ نگراں حکومتوں کی مجرمانہ ناکامی ہے، ترجمان تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پرامن انتخابی ریلی پر حملہ نگراں صوبائی و وفاقی حکومتوں کی مجرمانہ ناکامی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ریاستی مشینری بانی چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سمیت تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان کو جعلی اور جھوٹے مقدمات میں بھونڈے طریقے سے سزائیں دلوانے میں مصروف ہے۔

ترجمان نے کہاکہ انتخابات سے قبل تحریک انصاف کی پرامن انتخابی سرگرمی پر اس قسم کا حملہ بادی النظر میں عوام اور تحریک انصاف کو خوفزدہ کرنے اور انتخابات پر ڈاکے کا ماحول پیدا کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی پوری تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے نگراں حکومتوں کی مجرمانہ غفلت کی بھی تحقیق کی جائے۔

حکومت امن و امان کی بحالی میں ناکام ہوچکی، عالم خان کاکڑ

اِدھر پی ٹی آئی کے صوبائی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری عالم خان کاکڑ نے انتخابی ریلی پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبّی میں تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے امیدوار صدام ترین کی ریلی پر حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت امن و امان کی بحالی میں ناکام ہوچکی ہے۔

الیکشن کمیشن نے رپورٹ طلب کر لی

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سبی دھماکے پر چیف سیکریٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp