سائیکل بیچ کر ن لیگ کے جلسے میں آنے والے نوجوان کو تحفہ: ’ہر کام میں خان کی نقل‘

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

8 فروری کے عام انتخابات کی تیاریاں اس وقت اپنے عروج پر ہیں جس میں تحریک انصاف کے بانی عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے کئی اہم چہرے نظر نہیں آ رہے لیکن پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی عوامی رابطہ مہم زورو شور سےجاری ہے جس میں کارکنان کی بڑی تعداد شرکت کرتی دکھائی دیتی ہے۔

ایسے ہی ن لیگ کے خانیوال میں ہونے والے جلسے میں نواز شریف کا متوالا اپنی سائیکل بیچ کر کلثوم نواز اور نواز شریف کی والدہ کی تصاویر لیے جلسے میں پہنچا تھا جسے ن لیگی حلقوں کی جانب سے خوب پذیرائی ملی تھی۔

اس نوجوان کو کینیڈا سے موٹرسائیکل کا تحفہ بھی پہنچایا گیا تھا۔ اور گزشتہ روز ان کی نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات بھی کرائی گئی اور موٹر سائیکل کا تحفہ بھی دیا گیا۔

ویڈیو کو مریم نواز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا۔

ویڈیو شیئر ہونے کے بعد تحریک انصاف کے حامیوں کی جانب سے ن لیگ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ایک صارف نے نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ عمران خان کی نقل کرتے ہیں مگر ٹھیک طرح نقل بھی نہیں کر سکتے۔

سدرہ لکھتی ہیں کہ انہوں نے پتوکی سے تحریک انصاف کے امیدوار رانا الماس کی کاپی کی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ہر کام میں عمران خان کی نقل؟

خیال رہے کہ 5 اگست 2015 ء میں پتوکی میں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کا ایک جلسہ منعقد ہوا تھا۔ اس میں عمران خان نے رانا الماس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنی سائیکل فروخت کرکے یہ اہتمام کیا۔

رانا الماس پتوکی کے نواحی علاقے ’کچا پکا‘ سے تعلق رکھتے ہیں جنہیں عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ٹکٹ دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp