توشہ خانہ کیس: پی ٹی آئی کا احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے، فیصلے میں آئینی و قانونی نکات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل علی ظفر نے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کررہے ہیں۔ عدالت نے جلدی میں اور صبح صبح ہی فیصلہ سنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو جرح کی اجازت ہی نہیں دی گئی، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو اپنے گواہ بھی پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ جبکہ ملزم کا بیان قلمبند کیے بغیر کوئی فیصلہ سنایا ہی نہیں جاسکتا۔

بیرسٹرعلی ظفرکا کہنا تھا کہ کل شام تک بیان قلمبند نہیں ہوئے تھے، بیانات ریکارڈ کیے بغیر فیصلہ سنایا دیا گیا، فیصلے کی کاپی کے لیے درخواست دیں گے جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کرنے کی متفرق درخواست دیں گے، کیونکہ فیصلے میں آئینی و قانونی نکات کو نظر انداز کیا گیا ہے۔

واضح رہے توشہ خانہ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14،14 سال قید بامشقت اور 10 سال کے لیے کسی بھی عوامی عہدے کے لیے نااہلی کی سزا سنائی ہے اور ساتھ ہی ایک ارب 57 کروڑ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp