عمران خان نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی کے حلقہ این اے 89 اور لاہور کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے، عمران خان نے درخواست میں الیکشن ٹربیونل، ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا ہے۔

عمران خان نے سوال اٹھایا ہے کہ ان کو سنائی گئی سزا کسی اخلاقی بنیاد پر نہیں تھی اور اس بنیاد پر انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دیا جانا غلط ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا 16 جنوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ نے 16 جنوری کے حکمنامے کے ذریعے، الیکشن ٹربیونل کا 10 جنوری کا حکمنامہ برقرار رکھا، اس سے قبل الیکشن ٹربیونل نے ریٹرننگ آفیسر کا 30 دسمبر 2023 کا حکمنامہ برقرار رکھا جس میں درخواست گزار کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے تھے۔

ریٹرننگ آفیسر نے آئین کے آرٹیکل 63(1)(h) کے تحت انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نااہل قرار دیا جبکہ درخواست گزار کو توشہ خانہ کیس میں الیکشن ایکٹ کی شق 167(a)، 173(d)اور 174 کے تحت سزا سنائی گئی تھی، لاہور ہائی کورٹ کے حکمنامے میں [دھوکے بازی] کے الفاظ لکھے گئے جبکہ جن شقوں کے تحت سزا سنائی گئی ان میں ذکر نہیں۔

درخواست میں عمران خان کا موقف ہے کہ آرٹیکل 63(1)(h) کے تحت نااہلی کی سزا اخلاقی برائیوں کے تحت سنائی جاتی ہے، 63(1)(h) کے تحت سزا کے لیے آزادانہ طور پر انکوائری کی ضرورت ہوتی ہے۔

عمران خان نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا لاہور ہائی کورٹ کو ایسا فیصلہ جاری کرنا چاہیے تھا جس کی بنیاد پر وہ انتخابات میں حصہ نہ لے پائیں، عام انتخابات میں حصہ نہ لینے کے نقصان کا ازالہ ممکن نہیں۔

’الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نااہلی کے لئے جاری کیا گیا نوٹیفیکیشن غیر قانونی ہے اور ریٹرننگ آفیسر الیکشن کمیشن کے ایسے غیر قانونی فیصلے کا پابند نہیں۔‘

عمران خان نے استدعا کی ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 89 سے ان کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے اور انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp