توشہ خانہ کیس میں بشری بی بی کی سزا پر سابق شوہر خاور مانیکا کیا کہتے ہیں؟

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی سزا پرسابق شوہر خاور مانیکا نے کہا کہ سزا ہورہی ہے یا نہیں میرا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، 28 سال وہ میرے ساتھ رہی ہیں، اتنے سالوں کے بعد انہوں نے میرے ساتھ جو کیا اس کا کوئی نہیں پوچھ رہا۔ 5 سال چپ رہا لیکن میں نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑا دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے دوران عدت نکاح کیس پر فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد خاور مانیکا عدالت سے باہر آئے تو صحافیوں نے سوال کرنا شروع کردیے کہ توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کو سزا ہوئی ہے آپ اس پر کیا رد عمل دیں گے، جس پر خاور مانیکا بولے کہ میں نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑا ہوا ہے۔

انہوں نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ 28 سال بعد وہ مجھے اور بچوں کو چھوڑ کر چلی گئیں، کوئی مجھ سے یہ کیوں نہیں پوچھتا کہ میرے بچوں کا کیا ہوگا۔ سب یہی پوچھ رہے ہیں کہ ان کو سزا ہوگئی آپ کیا کہیں گے۔ میرا اس سب سے کچھ لینا دینا ہی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ میرے ساتھ افسوس کریں گے یا ان کو سزا ہونے پر مبارکبادیں پیش کریں گے، میرا توشہ خانہ سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے تو میں کس طرح کہہ سکتا ہوں کہ یہ غلط ہوا ہے یا صحیح ہوا ہے۔ میں کسی کے خلاف بات نہیں کرتا قانون خود ان باتوں کا تعین کر رہا ہے۔

خاور مانیکا نے صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ عدت میں نکاح سے متعلق کیس پر فیصلہ محفوظ ہوا ہے، انصاف ملے گا یا نہیں مجھے معلوم نہیں ہے لیکن اللہ پر چھوڑ رہا ہوں، جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے بعد ہی بات کر سکوں گا۔

واضح رہے احتساب عدالت نے آج سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 سال قید بامشقت، 78 کروڑ 70 لاکھ فی کس جرمانہ اور کسی بھی عوامی عہدے کے لیے 10 سال کی نااہلی کی سزا سنائی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت کے دوران نکاح کے کیس کا فیصلہ محفوظ  کر لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp