شاگرد پر تشدد کی ویڈیو وائرل، راحت فتح علی خان نے عوام سے معافی مانگ لی

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف گلوکار راحت فتح علی خان ایک باصلاحیت پاکستانی گلوکار ہیں۔ حال ہی میں ان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں انہیں اپنے شاگرد پر تشدد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، راحت فتح علی خان نے شدید عوامی ردِ عمل کے بعد اس پر عوام سے معافی مانگ لی ہے۔

راحت فتح علی خان نے ایک پوڈ کاسٹ میں اس ویڈیو سے متعلق معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے اپنے خلاف شدید عوامی رد عمل پر معافی بھی مانگی ہے۔

پوڈ کاسٹ میں راحت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ میں اعتراف کرتا ہوں کہ میں نے اپنے شاگرد کو ڈانٹا اور اسے مارا پیٹا بھی تھا لیکن مجھے جب اپنی اس غلطی کا احساس ہوا تو میں نے فوراً اس پر معافی بھی مانگ لی۔

راحت فتح علی خان نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنے شاگردوں خاص طور پر نوید کے والد کا کردار ادا کیا جو ان کے کافی قریب ہیں کیونکہ ان کے والد نصرت فتح علی خان اور ان کی فیملی کے ساتھ 40 سال سے زیادہ عرصے سے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ نوید کے والد اور ان کی بیٹیوں کی فیملی ممبر کی طرح دیکھ بھال کرتے ہیں۔ راحت فتح علی کا مزید کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ میڈیا ان کے خیراتی کاموں کے بارے میں بات کرے کیونکہ انہوں نے کبھی پروموشن کے لیے ایسا نہیں کیا۔

راحت فتح علی خان نے زور دے کر کہا کہ وہ جس بوتل کی بات کر رہے تھے وہ مقدس پانی (دم والا پانی) کی تھی جو انہیں اپنے پیر صاحب (مذہبی استاد) سے ملی تھی۔

راحت فتح علی خان نے اپنی معافی کی ویڈیو میں کہا کہ میں راحت فتح علی خان ہوں۔ آج میں اپنے رویے پر معافی مانگنا چاہتا ہوں۔ میں اللہ سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، انسان اور فنکار ہونے کے ناطے مجھے ایسا کچھ نہیں کرنا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے اہل خانہ، دوستوں اور اپنے مداحوں سے معافی مانگتا ہوں۔ میں مستقبل میں ایسی غلطی کبھی نہیں کروں گا۔ یہ ویڈیو 9 ماہ پرانی ہے، میں ان لوگوں کو جانتا ہوں جو اس کے پیچھے ہیں، وہ مجھے بدنام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے اس رویے پر شرمندہ ہوں، میں ان لوگوں کا احترام کرتا ہوں جنہوں نے میرا بائیکاٹ کیا، انہوں نے وہی کیا جو انہیں صحیح لگا۔ یہ میرے سیکھنے کے لیے ایک سبق ہے لیکن میں ہمیشہ گاتا رہوں گا۔ میں مستقبل میں ایسا کچھ نہیں کروں گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp