بھارت کے دارالحکومت دہلی میں خالصتان کے حق میں چاکنگ ہوگئی

جمعرات 1 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دہلی پولیس نے خالصتان کے حق میں نعرے لکھنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار کیے گئے شخص نے دہلی کے علاقے تلک نگر میں دیواروں پر خالصتان تحریک کے حق میں نعرے لکھے تھے جن میں ’دہلی بنے گا خالصتان‘ کا نعرہ بھی شامل تھا۔

دہلی پولیس نے مبینہ ملزم کو پکڑنے کے لیے مختلف اضلاع کے 200 پولیس اہلکاروں کی مدد حاصل کی اور ہزاروں سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

Related Posts

پولیس کے مطابق، ملزم کی شناخت جسویندر عرف لکی کے نام سے ہوئی ہے اور تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم نے 25 جنوری کی رات دہلی میں دیواروں پر خالصتان کے حق میں نعرے تحریر کیے تھے۔

واضح رہے کہ 28 جنوری کو امریکا میں پہلی بار بھارت سے آزاد سکھوں کے علیحدہ وطن ’خالصتان‘ کے لیے ریفرنڈم کا انعقاد کیا گیا تھا۔ ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان فرانسسکو میں منعقد کیے گئے اس ریفرنڈم میں ایک لاکھ 27 ہزار سکھوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا تھا۔

خالصتان تحریک کے معروف رہنما اور سکھز فار جسٹس (ایس ایف جے) کے بانی گرپتونت سنگھ پنوں نے سوک سینٹر پلازہ میں ووٹ ڈال کر ریفرنڈم کا آغاز کیا تھا۔ انہیں امریکی حکام خصوصی سیکورٹی میں سوک سینٹر پلازہ لائے تھے۔

گزشتہ برس امریکی حکام نے گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی بھارتی سازش کو ناکام بنا دیا تھا اور بھارت کو اس حوالے سے انتباہ جاری کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp