گلگت بلتستان کی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کرپشن کے 2 مختلف کیسوں میں 6 سرکاری ملازمین گرفتار کرلیے۔
گرفتار ہونے والے ملازمین میں 2 تحصیلدار اور 1 نائب تحصیلدار بھی شامل ہے جبکہ انٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے مزید گرفتاریوں کا بھی عندیہ دیا ہے۔
اس حوالے سے ملنے والی معلومات کے مطابق ایک کیس محکمہ مال/ریونیو ڈیپارٹمنٹ کا جبکہ دوسرا محکمہ صحت سے متعلق ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 2 تحصیلداروں، نائب تحصیلدار اور پٹواری سمیت دیگر افراد کے خلاف درخواست ملی تھی کہ انہوں نے زمینوں کا غلط ٹرانسفر کرکے لوگوں کو غلط فائدہ پہنچایا ہے جبکہ نگر سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کو ان کے حق سے محروم کردیا ہے۔
مزید پڑھیں
اس حوالے سے تحقیقات کے دوران زمین کا انتقال حسب درخواست غلط ثابت ہوا جس کے بعد گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ مزید اس ضمن میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت ضلع نگر کے بھی 2 ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے ایک ٹینڈر کے دوران کاغذات میں ہیر پھیر کرکے ایک کمپنی کو ناجائز فائدہ اور سرکار کو نقصان پہنچایا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے محکمہ خوراک کے ملازمین کو بھی گندم چوری کیس میں گرفتار کیا تھا۔