پاکستان کے عام انتخابات 2024 کے لیے قومی اسمبلی کی 266 جنرل نشستوں کے لیے 5 ہزار 121 امیدوار میدان میں ہیں جن میں مرد امیدوار 4 ہزار807 اور خواتین امیدوار 312 ہیں جبکہ 2 خواجہ سرا اور ایک خصوصی فرد شامل ہیں۔
راجہ عمران حسین پاکستان کے واحد خصوصی فرد ہیں جو اس وقت قومی اور صوبائی نشستوں کے لیے امیدوار ہیں۔ عمران حسین قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 55 راولپنڈی اور صوبائی حلقہ پی پی 15 سے انتخابی میدان میں اترے ہیں۔
Related Posts
وہ کہتے ہیں کہ کسی بھی سیاسی جماعت نے اپنے منشور میں خصوصی افراد کو شامل نہیں کیا اور نہ ہی کوٹہ مختص کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا لیکن ٹکٹ کسی نے نہیں دیا۔
’ملک میں ساڑھے 3 کروڑ خصوصی افراد ہیں لیکن کسی ایک کو بھی الیکشن ٹکٹ نہیں دیا جاتا‘
راجہ عمران حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کل آبادی کا 15 فیصد خصوصی افراد میں مشتمل ہے یوں یہ تعداد ساڑھے 3 کروڑ بنتی ہے، ہمیں معاشرہ قبول تک نہیں کرتا تو ٹکٹ کیسے دیتے؟
انہوں نے کہا کہ ’میں اس سیاسی ماحول میں انتخاب جیت تو نہیں سکتا لیکن میں اپنے طبقے کے لیے کوشش کروں گا‘۔
راجہ عمران حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیاست میں حصہ لیے بغیر خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سماجی کام کیے ہیں اور الیکشن کی مہم چلانے کے لیے تمام خصوصی افراد ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔
’اب لنگڑے بھی الیکشن لڑیں گے‘
انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے ایک جماعت سے ٹکٹ مانگا تو ان کی بات یہ کہہ کر رد کر دی گئی کہ ’اب لنگڑے بھی الیکشن لڑیں گے‘۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات سے ان کے دل کو شدید ٹھیس پہنچی۔
اسمبلی میں پہلے ہی 272 ذہنی معذور ہیں، آپ کی کیا ضرورت؟
راجہ عمران حسین نے بتایا کہ اس کے بعد ایک بڑے سیاستدان سے ٹکٹ کی بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی 272 ذہنی معذور اسمبلی میں ہوتے ہیں آپ کی ضرورت نہیں ہے۔