’خصوصی افراد کو معاشرے کا کامیاب شہری بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے‘

منگل 7 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خصوصی افراد کو بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں وہ مقام حاصل نہیں جس کے وہ مستحق ہیں۔ خصوصی افراد کو معاشرے کا اچھا اور کامیاب شہری بنانے میں ہر کسی کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

اسی حوالے سے پاکستان میں مخیر حضرات اور مختلف ویلفئیر سوسائٹیوں کی جانب سے تو خصوصی افراد کی فلاح وبہبود کے لیے میڈیکل کیمپس لگانے یا دیگر اقدامات دیکھنے میں آتے ہیں۔ لیکن حکومتی سطح پر بھی ان خصوصی افراد کے لیے کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔

حسن ابدال میں بھی نجی ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام ذہنی و جسمانی معذور بچوں کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں جملہ امراض کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز اور تھراپسٹ نے خصوصی بچوں کے طبی معائنے کے ساتھ فزیوتھراپی کی سہولیات بھی مہیا کیں۔

میڈیکل کیمپ میں راولپنڈی اسلام آباد سے نیورو سرجن، ماہر نفسیات اورچائلڈ اسپیشلسٹ سمیت دیگر ماہر ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی، جہاں بچوں کی ذہنی نشوونما کے لیے مختلف سرگرمیوں کے لیے کیمپ بھی لگائے گئے تھے۔

اس موقع پر صدر الف ویلفئیر سوسائٹی رفعت یاسمین انور نے وی نیوز سے گفتگو میں کہاکہ ان خصوصی بچوں کو حکومتی توجہ کی اشد ضرورت ہے تاکہ ان بچوں کی زندگیوں کو آسان اور کامیاب بنایا جاسکے۔

’شعبہ تعلیم میں بھی ان خصوصی بچوں کے لیے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔ کیونکہ پاکستان میں ان بچوں کے لیے علیحدہ تعلیمی بورڈ اور نصاب موجود نہیں۔ جس کے ذریعے وہ امتحانات دے سکیں‘۔

خصوصی بچے غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی نے ان بچوں کو غیر معمولی صلاحیتوں سے نوازا ہے، لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں خصوصی توجہ اورمقام دے کر انہیں معاشرے کا کامیاب شہری بنایا جائے۔

اس کے علاوہ ان کا مزید کہنا تھا کہ خصوصی افراد کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے لیے علاقے کے افراد کو راولپنڈی جانا پڑتا ہے جو ایک تکلیف دہ عمل ہے۔ حکومت سے اپیل ہے کہ واہ کینٹ یا حسن ابدال کے اسپتالوں میں ان افراد کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے جہاں سے خصوصی افراد کو سرٹیفیکیٹ جاری کیا جاسکے۔

ویلفئیر سوسائٹی کی جانب سے لگائے گئے میڈیکل کیمپ میں ٹیکسلا، واہ کینٹ، حسن ابدال اور گردونواح کے علاقوں سے والدین نے اپنے خصوصی بچوں کا طبی معائنہ کرایا اور الف ویلفئیر سوسائٹی کی اس کاوش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے میڈیکل کیمپ میں دی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp