تجربہ کار سیاست دان رام چندر نیپال کے صدر منتخب ہوگئے۔
نیپال کے بزرگ سیاست دان رام چندر اپنے مدمقابل سبھاش چندر کو شکست دے کر ملک کے تیسرے صدر منتخب ہوگئے۔ انھوں نے 33802 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سبھاش چندر 15518 ووٹ حاصل کرسکے۔
78سالہ رام چندر ، بڈیا دیوی بھنڈاری کی جگہ سربراہ مملکت کا منصب سنبھالیں گے۔
رام چندر پودل کون ہیں؟
رام چندر پودل بنیادی طور پر ایک زراعت پیشہ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ انھوں نے نیپالی ادب میں ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ وہ جیل میں قید تھے جب انھوں نے ایم اے کا امتحان دیا۔ وہ سیاسی جماعت نیپالی کانگریس سے تعلق رکھتے ہیں اور اس کی سنٹرل کمیٹی کے رکن ہیں۔
رام چندر ملک کے ایوان نمائندگان کے سپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ متعدد کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ اور متعدد ادبی ایوارڈز حاصل کرچکے ہیں۔ وہ چار بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ ہیں۔
رام چندر پودل نیپال میں بادشاہت کے خاتمے کے بعد ملک کے تیسرے صدر ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیپال دو بڑے ممالک بھارت اور چین کے درمیان سینڈوچ بنا ہوا ہے۔ دونوں ممالک نیپال میں اپنا اثرورسوخ بڑھانے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔