صاف و شفاف انتخابات نہ ہوئے تو تاریخ آپ کو معاف نہیں کرے گی، عمران خان کا آرمی چیف کو پیغام

جمعہ 2 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے آرمی چیف کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عاصم منیرصاحب! اس ملک کے 25 کروڑعوام کے بارے میں سوچیں، تاریخ نے آپ کو معاف نہیں کرنا، یہ ملک کے مستقبل کی بات ہے، جس طرح کا الیکشن کرانے جارہے ہیں، ملک کی معیشت تباہ ہوجائے گی۔

اڈیالہ جیل میں عدت کے دوران نکاح کے کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہاکہ میں نے ‏آصف زرداری سے کبھی مدد نہیں مانگی، جس روز آصف زرداری کو کہا کہ مجھے بچا لو وہ قیامت کی نشانی ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ اٹک جیل میں قید کے دوران ڈیل کی آفر کی گئی تھی، بشریٰ بیگم کو ان ڈائریکٹ پیغام بھجوایا گیا کہ 3 سال تک بنی گالا میں خاموش رہیں اس کے بعد دوبارہ واپس آجائیں، تاہم میں نے اس پر پیغام بھجوایا کہ میں جمہوری عمل سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

انہوں نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو بنی گالا منتقل کرنے کی کوئی درخواست نہیں کی، انہیں بنی گالا میں ایک کمرے میں بند کیا ہوا ہے، اس سے بہتر ہے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کردیں۔

عمران خان کا بیرسٹر گوہر کے ذریعے کارکنوں کے نام اہم پیغام

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کا پیغام ہے کارکنان اللہ پر بھروسہ رکھیں گے اور 8 فروری کو آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے باہر نکلیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاکہ عمران خان کا پیغام ہے کہ الیکشن کے روز پولنگ ایجنٹ فارم 33 لیے بغیر پولنگ اسٹیشنز سے باہر نہ جائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو سائفر اور توشہ خانہ کیس میں سزا ہو چکی ہے جبکہ عدت کے دوران نکاح کے کیس کا فیصلہ بھی محفوظ ہو چکا ہے جو کل دن ایک بجے سنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں ‘پی ٹی آئی کے 90 فیصد آزاد امیدواروں کے سیاسی جماعتوں کے ساتھ معاملات طے پا چکے‘

دوسری جانب 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام امیدواران آزاد حیثیت سے حصہ لے رہے ہیں کیونکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹراپارٹی الیکشن درست نہ کرانے پر پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔

تحریک انصاف کا الزام ہے ان کی پارٹی کو عام انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دی جا رہی جبکہ ان کی مخالف سیاسی جماعتوں کا موقف ہے کہ سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp