لاہور: الیکشن کمیشن کا ووٹوں کی خریدوفروخت کی خبروں پر تحقیقات کا حکم

ہفتہ 3 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لاہور کے حلقہ این اے 127 میں ووٹوں کی خریدوفروخت اور ایک سیاسی جماعت کے دفتر پر حملے کا نوٹس لے لیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے سیاسی جماعت کی طرف سے ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت اور ایک جماعت کے دفتر پر حملے کا نوٹس لیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو واقعات کی تحقیقات کر کے رپورٹ فوری جمع کرانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن نے ایک دوسرے پر ووٹوں کی خریدوفروخت کے الزامات عائد کیے ہیں۔ اور اس حوالے سے ایک مبینہ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما عطا تارڑ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے پیپلزپارٹی کے دفتر پر حملہ کیا ہے۔

دوسری جانب عطا تارڑ کا موقف ہے کہ بلاول بھٹو کو یہاں سے ایم این اے بنوانے کے لیے ووٹوں کی خریدوفروخت کی جا رہی ہے اور سندھ سے لوگ یہاں آکر بیٹھے ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp