پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت میں آکر جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا خاتمہ کرگی اور این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے جنوبی پنجاب کو اس کا حق دلوائے گی۔
صادق آباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ پی پی پی کی توجہ صحت کے شعبہ کی جانب ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ عوام کا بنیادی حق ہو اور سب کو یہ حق مساوی بنیاد پر ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ اسپتال قائم کیے ہیں جہاں لوگوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، صرف پی پی پی غریب، مظلوم اور ضرورت مند عوام کے تحفظ کو اپنا ایمان مانتی ہے۔
آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے ہر ضلع میں ایسے ہی اسپتال قائم کرے گی جہاں لوگوں کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جیسے لوگوں نے بھٹو خاندان کا مشکل وقت میں ساتھ دیا، پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان بھی ویسے ہی لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
’حقدار خواتین کے لیے 30 لاکھ گھر بنائیں گے‘
انہوں نے کہا کہ جب تاریخی سیلاب آیا تو بلاول بھٹو عوام کے ساتھ کھڑے ہوئے، بلاول کی کوششوں سے آج سندھ بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر تعمیر ہو رہے ہیں اور لوگوں کو ان گھروں کے مالکانہ حقوق بھی دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو انتخابات میں کامیاب ہوکر 30 لاکھ گھروں کے مالکانہ حقوق پاکستان کی حقدار خواتین کو دلائیں گے۔
Related Posts
آصفہ نے کہا کہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی لوگوں کو گھر دیتی ہے، باقی سیاسی جماعتیں ان سے گھر چھینتے ہیں، صرف پی پی پی اور بھٹو خاندان غریبوں کی تکلیف سمجھتے ہیں اور ان کی روزی روٹی کا سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکر جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے اور این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے جنوبی پنجاب کو اس کا حق دلوائیں گے۔
’دوسری جماعتیں کرسی کے لیے سیاست کرتی ہیں‘
آصفہ بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر تنخواہوں کو دگنا کرے گی، شمسی توانائی کے منصوبوں کے ذریعے عوام کو 300 یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں تاکہ بلاول بھٹو عوام کے لیے لڑے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری جماعتیں صرف کرسی کے لیے سیاست کرتی ہیں جبکہ پیپلز پارٹی عوام کے لیے لڑ رہی ہے، پیپلز پارٹی بی آئی ایس پی کی طرح کسان کارڈ، ہاری کارڈ، یوتھ کارڈ جیسے پروگرامز متعارف کرائے گی۔
آصفہ کا کہنا تھا کہ ووٹ کی طاقت صرف عوام کی ہے اور جب عوام اپنی اس طاقت کا صحیح استعمال کریں گے تو پاکستان مزید مضبوط بنے گا اور جب ہم مل کر کام کریں گے تو ہمیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، ہم مل کر پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔