کراچی انفراسٹرکچر کی بدحالی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم ہیں، حافظ نعیم الرحمان

اتوار 4 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی مبینہ کرپشن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کے بنیادی ڈھانچے میں پائی جانے والی خرابیاں اور خامیاں ہفتہ کے روز موسلا دھار بارش کے بعد بے نقاب ہوگئی ہیں۔

اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں محض وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہوئی جس سے شہر کے کچھ حصے بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث مکمل ڈوب گئے، اسی شہر میں  8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتیں اپنے پرجوش وعدوں کے ساتھ بھرپور مہم چلا رہی ہیں۔

سڑکوں اور یہاں تک کہ شہر کی اہم گلیوں میں بھی ٹنوں پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے مسافروں کا چلنا بھی تقریباً ناممکن ہوگیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان پر الزام عائد کیا کہ ان کی شہر کی انتظامی انتظامات کے بجائے کرپشن میں ملوث ہیں۔

بارش کے ایک اسپیل نے سبھی کو بے نقاب کر دیا

ان کا کہنا تھا کہ بارش کے صرف ایک اسپیل نے ان سبھی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان اس جرم میں برابر کے ذمہ دار ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ہفتہ کے روز رات 52 ملی میٹر بارش ہونے سے پورا شہر ڈوب گیا۔ انہوں نے صورتحال کا موازنہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے کرتے ہوئے کہا کہ ان صوبوں میں زیادہ بارشیں ہوتی ہیں لیکن زندگی چلتی رہتی ہے۔ لیکن یہاں گزشتہ روز کی تھوڑی سی بارش نے پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا ہے۔

جماعت اسلامی کے کونسلر، یو سی چیئرمین رات بھر سڑکوں پر رہے

حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی لیکن جماعت اسلامی کے کونسلر اور یوسی چیئرمین بغیر ہدایات کے سڑکوں پر رہے۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما شہریوں پر محض ٹیکس لگانے میں ماہر ہیں لیکن یہاں کا تعمیری ڈھانچہ سب کے سامنے ہے۔

ایک جماعت نے اپنا مینڈیٹ جاگیرداروں کو فروخت کر دیا

حافظ نعیم الرحمان نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی جماعت نے اپنا مینڈیٹ جاگیرداروں کو فروخت کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ (ایم کیو ایم) دعویٰ کرتے تھے کہ انہیں کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں ہے لیکن آج وہ 10 جماعتوں کی حمایت سے بھی کچھ نہیں کر سکتے۔

بارش کے بعد شہر کی صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سیورج کا پانی پینے کے صاف پانی کی لائنوں میں مل چکا ہے جبکہ تقریباً 120 بجلی فیڈر بھی ٹرپ ہوچکے ہیں۔

عوام شہر کی ترقی چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کو ووٹ دیں

انہوں نے کہا کہ اب کی بار ان شا اللہ سندھ میں حکومت بنائیں گے، جماعت اسلامی اپوزیشن کا حصہ بننے کی مہم نہیں چلا رہی۔ اس کے بعد انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اگر شہر کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں اور مصائب سے چھٹکارا پانا چاہتے ہیں تو پھر آپ کے حقوق کی ہر دور کی محافظ جماعت، جماعت اسلامی کو ووٹ دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp