یوم یکجہتی کشمیر پاکستان سمیت پوری دنیا میں منایا جارہا ہے

پیر 5 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیاسی و عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے، پاکستان کو کشمیر سے ملانے والے راستوں اور دیگر اہم جگہوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ ساتھ جلسے جلوس اور ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں، پاکستان بھر میں آج عام تعطیل ہے۔

نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا یوم یکجہتی کشمیر پر پیغام

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کشمیریوں کے لیے اپنی ‘غیر متزلزل حمایت’ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ہماری خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون رہے گا، پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر پر اسلام آباد میں ریلی

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اسلام آباد میں ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں کابینہ کے اراکین، اراکین پارلیمنٹ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت وفاقی نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی اور نگران وفاقی وزیر ثقافت جمال شاہ  نے کی، نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد، نگراں وفاقی وزیرر نجکاری فواد حسن فواد بھی ریلی میں موجود تھے۔

ریلی کے شرکا نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے، ریلی میں دفتر خارجہ کے افسران و ملازمین، مختلف سکولوں کے طلبا اور لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

منگلا ڈیم میں یکجہتی کشمیر کشتی رانی کا عملی مظاہرہ

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منگلا ڈیم میں یکجہتی کشمیر کشتی رانی کا عملی مظاہرہ کیا گیا، عوام کی بڑی تعداد نے  تقریب میں شرکت کی ، کشتیوں پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے جھنڈے آویزاں کیے گئے تھے۔

اس موقع پر شرکا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جنت نظیرہے، جسے دشمن کے پنجہ استحصال سے آزادی دلانے کے لیے پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کوئی بھی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے، جب تک کشمیر بھارت سے آزاد نہیں ہوجاتا ہماری جہدوجہد آزادی جاری رہے گی۔

یوم یکجہتی کشمیر، صدر مملکت عارف علوی کا پیغام

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 76 سالوں سے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، آج مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ فوجی علاقوں میں سے ایک ہے، جس کی وجہ سے کشمیری خوف اور دہشت کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔

جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ہماری خارجہ پالیسی کا کلیدی ستون رہے گا، پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

یوم یکجہتی کشمیر، پاک فوج کا کشمیریوں کو عزم اور جدوجہد کو خراج تحسین

افواج پاکستان کی جانب سے بھی کشمیریوں کو ان کے عزم اور دلیرانہ جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ کشمیری عوام بہادری سے غیر انسانی لاک ڈاؤن کا مقابلہ کر رہے ہیں، کشمیر 1948 سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک طویل عرصے سے زیر التوا حل طلب مسئلہ ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر عوام کی امنگوں کے مطابق اور حق خودارادیت کیلئے یو این قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، آزادی کی جرات مندانہ جدوجہد سے کامیابی کشمیری عوام کا مقدر ہے۔

مشعال ملک کا پیغام

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اپنے بیان میں نگران وزیراعظم کی معاون خصوصی مشعال ملک نے کہا کہ ستمبر کے الیکشن میں کشمیر میں ہندو اکثریت لانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے تاریخی مقامات کو تبدیل کیا جارہا ہے۔

مشعال ملک نے بتایا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق خصوصی کشمیر کمیٹی بنادی گئی ہے اور اسٹریٹیجک پالیسی میں کشمیرسے متعلق تجاویز دی جائیں گی۔

یوم یکجہتی کشمیر کیوں منایا جاتا ہے؟

5 اگست2019، مودی حکومت کے مقبوضہ کشمیر میں اقدامات، پاکستان کا موقف کیا ہے؟

انڈیا کی مودی حکومت نے 2019 میں آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے ملک کے باقی حصوں کے لوگوں کو مقبوضہ کشمیر میں جائیداد حاصل کرنے اور وہاں مستقل طور پر آباد ہونے کا حق دیا تھا۔

گزشتہ سال دسمبر میں ہندوستان کی سپریم کورٹ نے نریندر مودی کی حکومت کی طرف سے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی خود مختار حیثیت کو منسوخ کرنے کے 2019 کے فیصلے کو برقرار رکھا اور ریاستی انتخابات کے انعقاد کے لیے اگلے سال 30 ستمبر کی آخری تاریخ مقرر کی۔

کشمیریوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بھارتی حکومت کے ناقدین نے اس اقدام کو مقبوضہ کشمیر میں مسلم آبادی کو کم کرنے کی کوشش قرار دیا تھا۔

اس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو بھی بڑھا دیا، اسلام آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ نئی دہلی کے ساتھ تعلقات کو اس وقت تک معمول پر نہیں لائے گا جب تک وہ 5 اگست کے اپنے اقدام کو واپس نہیں لے لیتا۔

یوم یکجہتی، پہلی بار کب منایا گیا؟

یوم یکجہتی کشمیر پہلی بار سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی اپیل پر 5 فروری 1990 کو اس وقت کی وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو نے سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کیا تھا، ا س کے بعد ہر سال پاکستان میں 5 فروری کو یہ یوم یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر ، علامہ اقبالؒ کی کال

کچھ کشمیری رہنماؤں کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر قیام پاکستان سے پہلے بھی منایا گیا تھا۔

کشمیری تاریخ دان سید سلیم گردیزی کے مطابق پہلی بار 1931 میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن پورے ہندوستان میں منایا گیا۔

سلیم گردیزی نے کہا ہے کہ ’مہاراجہ ہری کے خلاف اٹھنے والی سیاسی تحریک کے ایک ناخوشگوار واقعے کے دوران 21 کشمیریوں کی موت کے بعد علامہ اقبال نے 14 اگست، 1931 کو ہندوستان بھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کا دن منانے کی کال دی۔‘

28 فروری 1975، ذولفقار علی بھٹو کی کشمیریوں سے اظۃار یکجہتی کے لیے کال

سلیم گردیزی کے مطابق پھر ’28 فروری، 1975 کو وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی اپیل پر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منایا گیا۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp