پاکستان اور بھارت کے درمیان نیو یارک میں ہونے والے ورلڈ کپ ٹی 20 میچ کے ٹکٹ کی قیمت 175 ڈالر، اسٹینڈرڈ پلس کی قیمت 300 ڈالر اور پریمیم کی قیمت 400 ڈالر ہوگی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ باقی ٹکٹ 22 فروری سے عام فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے، لیکن یہ پہلے آؤ، پہلے پاؤ کی بنیاد پر فروخت کیے جائیں گے۔
صرف 4 ماہ بعد امریکا پہلی بار کرکٹ کی دنیا کی توجہ کا مرکز بنے گا کیونکہ اس سال کے سب سے بڑے ایونٹ کے لیے پرستاروں توقعات بڑھ رہی ہیں۔ جون 2024 میں سب کی نظریں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ پر ہوں گی۔
امریکا میں کرکٹ کی ترقی کے لیے بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے اور برطانوی کامن ویلتھ گیم کے پاور بروکرز دنیا کی سب سے بڑی اسپورٹس مارکیٹ میں گھسنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے یہ ناگزیر ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان نیو یارک میں میچ کھیلا جائے۔
1947 میں آزادی کے بعد سے ایک دوسرے کے خلاف 3 جنگیں لڑنے والے جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک شدید سیاسی صورتحال کے پیش نظر کھیلوں میں ٹکراتے رہتے ہیں۔ جغرافیائی سیاسی کشمکش کا مطلب یہ ہے کہ بدقسمتی سے وہ کرکٹ میں شاذ و نادر ہی ایک دوسرے کے ساتھ کھیلتے ہیں کیونکہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے دو طرفہ تعلقات قائم نہیں اور امکان ہے کہ وہ غیر معینہ مدت تک تعطل کا شکار رہیں گے۔
مزید پڑھیں
لیکن جب بھی دونوں حریف کرکٹ کھیلیں گے تو تناؤ میں کمی کے تناظر میں توقعات میں اضافہ ہوتا ہے اور اب 9 جون 2024 کو نیو یارک میں پرانے حریف کھیلیں گے تو ایک نیا باب لکھا جائے گا۔ لیکن اس تاریخی میچ کے لیے ٹکٹ سستے نہیں ہوں گے۔
پاک بھارت ٹاکرا ٹورنامنٹ کا سب سے ہاٹ ٹکٹ ہے۔ یہ میچ مین ہٹن سے 30 میل مشرق میں واقع آئزن ہاور پارک میں 34 ہزار نشستوں پر مشتمل ماڈیولر اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ نیو یارک کے میچز کا سلسلہ اس وقت ختم ہوگا جب کسی بھی فارمیٹ کے اپنے پہلے ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے امریکا کو 12 جون کو بھارت کے خلاف سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے رواں برس امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے مینز ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے مجموعی طور پر امریکا کے 3 جبکہ ویسٹ انڈیز میں 6 شہروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔آئی سی سی کے مطابق امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کا پہلا میچ یکم جون جبکہ فائنل 29 جون کو کھیلا جائے گا۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے علاوہ میزبان امریکا، کینیڈا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔گروپ بی میں انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، اسکاٹ لینڈ اور عمان شامل ہیں، گروپ سی میں میزبان ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، افغانستان، یوگنڈا اور پاپوا نیو گینی اور گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ورلڈ کپ کا پہلا میچ یکم جون 2024 کو ڈیلاس میں امریکا اور پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، دوسرا میچ 2 جون کو نمیبیا اور عمان کے درمیان بارباڈوس میں کھیلا جائے گا۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ 20 ٹیمیں شامل کی گئی ہیں اور ان میں سے 10 ٹیمیں امریکا میں پہلا میچ کھیلیں گی، لاؤڈیرہل، ڈیلاس اور نیویارک میں 16مقابلے ہوں گے، ویسٹ انڈیز میں مجموعی طور پر 41 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے نیو یارک کا انتخاب کیا گیا ہے جہاں 9 جون کو دونوں ٹیموں کا مقابلہ ہوگا جبکہ پاکستان کا پہلا میچ 6 جون کو ڈیلاس میں امریکا سے شیڈول ہے، قومی ٹیم تیسرا میچ 11 جون کو کینیڈا سے نیویارک میں کھیلے گی اور چوتھا میچ فلوریڈا میں 16 جون کو آئرلینڈ کے ساتھ ہوگا۔ ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹکٹس کی فروخت چند دن میں شروع ہوگی اور آئی سی سی کو پاکستان بھارت میچ سے ریکارڈ آمدن متوقع ہے۔