عوام کسی آزاد امیدوار کے لیے اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، بلاول بھٹو زرداری

پیر 5 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام پیپلز پارٹی کو 20 سیٹیں جتوائیں تو پیپلزپارٹی ان کی خدمت کرے گی تو وہ اگلے 5 سال میں کراچی کا نقشہ بدل دیں گے، عوام کسی آزاد امیدوار کے لیے ووٹ ضائع نہ کریں اور پیپلزپارٹی کو کامیاب کروائیں۔

کراچی کے علاقے کیماڑی میں پیپلزپارٹی کی انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کے عوام کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے بلدیاتی الیکشن میں پیپلزپارٹی کو جتوا کر پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جیالے کو میئر منتخب کیا، 8 فروری کو بھی عوام اگر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں  گے تو ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ صوبائی اسمبلی، وفاق اور بلدیاتی نظام بھی پیپلز پارٹی کے ہاتھ  میں ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کراچی سے 20 کی 20 سیٹیں جیت گئی تو ہم 5 سال میں کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔ پیپلزپارٹی اگر وفاق میں حکومت بنائے گی تو کراچی سے کام شروع کرے گی، اگر پیپلز پارٹی سندھ میں دوبارہ منتخب ہوگی تو کراچی کی اس میں نمائندگی ہوگی، ہم عوام کے ساتھ مل کر کراچی کی خدمت کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی  نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں اپنے مقصد کے لیے الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں اور نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہیں، ہر جماعت اپنا چورن بیچ رہی ہے، کوئی مذہب کی بنیاد پر کراچی کو تقسیم کررہا ہے اور کوئی لسانیت کی بنیاد پر۔ قائد عوام نے کہا تھا نہ میرا نہ تیرا یہ ہم سب کا پاکستان ہے، میں بھی کہتا ہوں نہ تیرا نہ میرا، یہ سب کا کراچی ہے، ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ کراچی میں نفرت اور تقسیم پھیلانے کی کوشش کرے۔

’آپ نے 8 فروی کو بڑی تعداد میں نکلنا ہے، پورے خاندان کو لے کر نکلنا ہے، اپنے خاندان کی خواتین کو سمجھائیں کہ میری والدہ دنیا میں نہیں رہیں، میں آپ کی ایسی خدمت کروں گا جیسے ایک بیٹا ماں کی خدمت کرتا ہے۔ کسی آزاد امیدوار کے لیےاپنا ووٹ ضائع نہ کریں اور نہ کسی نفرت اور تقسیم کرنے والے کی سیاست پر یقین کریں، اس بار مجھے موقع دیں، میں کراچی والوں کو مایوس نہیں کروں گا۔‘

واضح رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے آج کراچی میں ریلی نکالی ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ریلی کی قیادت کی۔

پیپلز پارٹی کی ریلی شیریں جناح کالونی سے ہوتے ہوئے  کیماڑی پہنچی جہاں بلاول بھٹوزرداری نے ریلی کے شرکا سے خطاب کیا۔

کیماڑی کے بعد پیپلزپارٹی کی ریلی نشتر روڈ، لسبیلہ، گلبہار سے ہوتی ہوئی رضویہ چورنگی پہنچے گی، جس کے بعد ریلی ناظم آباد، پیٹرول پمپ، لیاقت آباد 10 نمبر کے راستے سے حسن اسکوائر جائے گی۔

پیپلز پارٹی کی ریلی یونیورسٹی روڈ سے ہوتے ہوئے صفورا اور ملیرکینٹ جائے گی، جس کے بعد ملیر کالا بورڈ سے ہوتے ہوئے داؤد چورنگی پر ریلی کا اختتام ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp