ڈی آئی خان میں دہشتگردی: نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا علاقے کا ہنگامی دورہ

پیر 5 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کا ہنگامی دورہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے درابن میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے جنازے میں شرکت کی، اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر ڈاکٹر عامر عبداللہ، چیف سیکریٹری اور آئی جی خیبر پختونخوا بھی موجود تھے۔

بعدازاں وزیراعلیٰ نے کمشنر آفس ڈی آئی خان میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔

کمشنر ڈی آئی خان، ریجنل پولیس آفیسر ڈی آئی خان، ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے اجلاس کو درابن واقعے اور سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے تیاریوں کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے پولیس لائن میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا بھی دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔

دہشتگردی کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، ارشد حسین شاہ

اس موقع پر جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نے کہاکہ پولیس پر دہشتگردوں کا حملہ سفاکانہ اقدام ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اور پوری قوم پولیس کے شانہ بشانہ ہیں۔ صوبے میں امن و امان کے لیے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہم سب کو اس پر فخر ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہم شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، حکومت لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات گئے دہشتگردوں نے درابن میں تھانے پر دہشتگرد حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار شہید اور 6 زخمی ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp