مِس جاپان نے مقابلہ حسن کے ٹائٹل سے دستبرداری کا اعلان کیوں کیا؟

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مس جاپان مقابلہ حسن کی فاتح یوکرین میں پیدا ہونے والی 26 سالہ اداکارہ کیرولینا شینو نے ایک شادی شدہ شخص کے ساتھ تعلقات کا پردہ چاک ہونے کے بعد مِس جاپان 2024 کے مقابلہ حسن کے ٹائٹل سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔

جاپانی میڈیا رپورٹس کے مطابق 26 سالہ کیرولینا شینو کو 2 ہفتے قبل مس جاپان کا تاج پہنایا گیا تھا لیکن ان کی جیت نے ان کے ماضی اور جنم بھومی کی وجہ سے عوامی بحث کو جنم دیا تھا۔ جہاں کچھ لوگوں نے جاپانی شہریت حاصل کرنے والی ادکارہ کی تاج پوشی کا خیر مقدم کیا، وہیں دوسروں کا کہنا تھا کہ وہ روایتی جاپانی خوبصورتی کی نمائندگی نہیں کرتی ہیں۔

اس سوشل میڈیائی ہنگامہ آرائی کے دوران ایک مقامی میگزین نے انکشاف شائع کیا کہ اداکارہ شینو ایک شادی شدہ انفلوئنسر اور ڈاکٹر کے ساتھ تعلقات میں تھیں۔ اس رپورٹ پر اپنے ابتدائی ردِ عمل میں مقابلہ کے منتظمین نے شینو کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں تھا۔

تاہم اگلے روز منتظمین نے کہا کہ اداکارہ نے شادی شدہ شخص سے تعلقات کا اعتراف کرلیا ہے۔ مِس جاپان ایسوسی ایشن نے کہا کہ شینو نے گمراہ کرنے پر معافی مانگی تھی اور منتظمین نے ان کی مِس جاپان کے ٹائٹل سے دستبرداری قبول کرلی تھی۔

شینو نے ایک بیان میں اپنے مداحوں اور عام لوگوں سے معافی بھی مانگی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے میڈیا رپورٹس کے خوف اور گھبراہٹ کی وجہ سے ٹائٹل چھوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے اس پر افسوس ہے کہ ان لوگوں کو دھوکا دیا جنہوں نے میری حمایت کی۔‘

مس جاپان کا ٹائٹل اب رواں برس کسی کے نام نہیں رہے گا حالانکہ اس مقابلے میں کئی رنرزاپ خواتین بھی شامل تھیں۔ گزشتہ ماہ 22 جنوری کو شینو کو مس جاپان کا تاج پہنایا گیا تھا اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی یورپی نژاد خاتون تھیں۔ وہ یوکرین میں پیدا ہوئی تھیں اور جب وہ 5 سال کی تھیں تو اپنی والدہ کے ساتھ جاپان چلی گئیں اور اپنے سوتیلے والد کا جاپانی نام اختیار کرلیا تھا۔ انہیں 2022 میں جاپانی شہریت ملی وہ روانی سے جاپانی بولتی اور لکھتی ہیں۔

مِس جاپان کا لقب ملنے کے بعد انہوں نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ’مجھے کئی بار جاپانی کے طور پر قبول نہیں کیا گیا تھا، لیکن میں آج جاپانی کے طور پر تسلیم کیے جانے پر شکر گزار ہوں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp