الیکشن 2024، سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کا اختتام کس انداز میں کررہی ہیں؟

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں آج انتخابی مہم کا آخری دن ہے۔ آج رات 12 بجے ہر سیاسی جماعت اور امیدوار انتخابی سرگرمیاں ختم کرنے کا پابند ہے۔ جس کے بعد اگلے 24 گھنٹے تک ووٹرز کو ایک پرسکون ماحول میں غوروفکر کا موقع ملے گا کہ وہ پرسوں آٹھ فروری کو کس جماعت، امیدوار کے حق میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔
سوال یہ ہے کہ سیاسی جماعتیں اپنی انتخابی مہم کا اختتام  کہاں اور کس انداز میں کریں گی؟

کراچی سے وی نیوز کے نمائندے وقاص خان کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنی انتخابی مہم کا اختتام لاڑکانہ میں کرے گی، جہاں بلاول بھٹو زردای خطاب کریں گے۔ ایم کیو ایم آج اپنے رہنما خالد مقبول صدیقی کے حلقے میں طیاروں کے ذریعے پمفلٹ گرائے گی۔ خالد مقبول صدیقی کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 248 سے لڑ رہے ہیں۔

طیاروں کے ذریعے فضا سے پمفلٹ گرانے کا مقابلہ پہلی بار دیکھنے کو مل رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے امیدوار سلیم مانڈوی

والا کے حلقے این اے 240 میں انتخابی مہم کے لیے طیاروں سے پمفلٹ گرائے گئے تھے۔ البتہ  جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن انتخابی مہم میں الیکٹرانک میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں۔

لاہور سے وی نیوز کے نمائندے عارف ملک کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اپنی انتخابی مہم کا آخری جلسہ قصور شہر میں کرے گی جہاں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، شہباز شریف اور ن لیگ کی سینیئر نائب صدر مریم نواز خطاب کریں گی۔

وی نیوز کے نمائندے بلال عباسی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتخابی مہم کے آخری دن کوئی بھی بڑی جماعت بڑی سرگرمی نہیں کر رہی کیونکہ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی لیاقت باغ میں جلسے کرچکی ہیں۔ البتہ آج پاکستان پیپلزپارٹی مری میں آج ایک بڑا جلسہ کرنے کی کوشش کرے گی۔

پشاور سے وی نیوز کے نمائندے سراج الدین کے مطابق اے این پی ، جماعت اسلامی  اور جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی قائدین اپنے آبائی حلقوں میں انتخابی مہم کا اختتام کریں گے۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اپر دیر اور لوئر دیر میں جلسوں سے خطاب کریں گے جبکہ جے یو آئی کےسربراہ مولانا فضل الرحمن ڈیرہ اسماعیل خان میں انتخابی مہم کا آخری جلسہ منعقد کریں گے۔

تمام جماعتوں کی حکمت عملی ہے کہ وہ چھوٹی چھوٹی کارنرمیٹنگز کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچیں، یہی وجہ ہے کہ وہ کسی بڑی سرگرمی میں اپنے آپ کو مصروف نہیں کرنا چاہتیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp