نگراں وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ 8 فروری کو پاکستان میں پر امن اور شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا، کوشش ہے الیکشن کے عمل میں کسی صورت جانی نقصان نہ ہو۔
اسلام آباد میں نگراں وفاقی وزیر برائے داخلہ گوہر اعجاز نے نگراں وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت کو انتخابات کی ذمہ داری ملی ہے، کوشش ہے کہ 8 فروری کو الیکشن کے عمل میں کسی صورت جانی نقصان نہ ہو۔
نگراں وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ کے اندر الیکشن کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں، جو پارٹیز سندھ میں الیکشن لڑ رہی ہیں، وہ کافی سالوں سے ایک دوسرے کو جانتی ہیں، سکیورٹی ادارے اور ایڈمنسٹریشن موجود ہے، کوئی بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لے سکتا۔
بلوچستان میں ہمیں ان فورسز سے خطرہ ہے جو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں
گوہر اعجاز نے کہا کہ بلوچستان میں ہمیں ان فورسز سے خطرہ ہے جو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں، سکیورٹی کے لیے ہماری پولیس اور اس کے ساتھ آرمڈ فورسز ہیں، ہمارے آرمی کے ٹرینڈ کمانڈوز بلوچستان میں موجود ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں باجوڑ واقعے پر بھی بہت تکلیف ہوئی، ہمیں ڈرانے کے لیے ساری دہشتگردی کی جارہی ہے۔ پاکستان کا نام اور عزت ہمارے اور میڈیا کے ہاتھ میں ہے، 25 کروڑ عوام کی امانت میڈیا کے پاس ہے، نیت صاف ہو تو اللہ سرخرو کرتا ہے۔
مزید پڑھیں
نگراں وزیر داخلہ نے بتایا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں، سکیورٹی کے 3 درجوں میں انتظامات کیے گئے ہیں، 29 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، 44 ہزار پولنگ اسٹیشنز کو نارمل ڈکلیئر کیا ہے جبکہ 16 ہزار 766 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
لوگ اطمینان سے حق رائے دہی استعمال کریں
گوہر اعجاز نے کہا کہ ہمیں امید نہیں یقین ہے کہ یہ الیکشن صاف، شفاف اور پرامن طریقے سے ہوں گے۔ آج شام خیبر پختونخوا میں جاؤں گا۔ لوگ اطمینان سے حق رائے دہی استعمال کریں۔ ہمارے 5 لاکھ 11 ہزار پولیس اہلکار فرنٹ پر کھڑے ہیں۔ ہر زندگی کی حفاظت کرنا ہمارا پہلا فرض ہے، جو ذمہ داری نگران سیٹ اپ کے پاس ہے وہ پوری کی جائے گی۔
قیاس آرائیوں کے باوجود 8 فروری کو انتخابات اپنے شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں، وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی
نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے وزیر داخلہ گوہر اعجاز کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان کے 12 کروڑ سے زائد عوام 8 فروری کو اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ پچھلے سال 17 اگست 2023ء کو نگراں کابینہ کا حلف اٹھانے کے بعد اگلے روز اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت الیکشن کمیشن واحد آئینی ادارہ ہے جس نے آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کرانے ہیں، نگراں حکومت انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
نگراں وزیراطلاعات نے کہا کہ نگراں حکومت کے 5 ماہ کے عرصے کے دوران انتخابات کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں کی جاتی رہی لیکن ان تمام قیاس آرائیوں کے باوجود 8 فروری کو انتخابات اپنے شیڈول کے مطابق ہو رہے ہیں۔
انتخابات پرامن ہوں گے اور اس کے لیے تمام انتظامات کیے جارہے ہیں
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتخابات پُرامن ہوں گے اور اس کے لیے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں، انتخابات کے دوران مقامی و بین الاقوامی صحافیوں اور غیر ملکی مبصرین کی سہولت کے لیے گزشتہ روز وزارت اطلاعات نے ایک آن لائن میڈیا ہیلپ لائن بھی لانچ کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے اور انشاءاللہ 8 فروری کو پاکستان کے 12 کروڑ سے زائد عوام اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2008ء اور 2013ء کے انتخابات میں سکیورٹی صورتحال خراب تھی، 2008ء میں بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد انتخابات میں ایک ماہ کی تاخیر ہوئی۔
عوام 8 فروری کو اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں گے
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں اور ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ چند واقعات پاکستانی عوام کو روک نہیں سکتے، ان شاءاللہ عوام 8 فروری کو اپنے نمائندوں کا انتخاب کرنے کے لیے باہر نکلیں گے اور اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں گے۔