الطاف حسین کی عام انتخابات میں انٹری کس کو فائدہ اور کسے نقصان دےگی؟

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عام انتخابات 2024 کی مہم آج اختتام پذیر ہو جائے گی، وہ وقت قریب آگیا جب ملک کی باگ ڈور سنبھالنے والے اپنے منصب پر براجمان ہو جائیں گے، اس وقت جب سب کی نظریں مہم پر لگی ہوئی تھیں تو ایسے میں کراچی کے گرما گرم سیاسی ماحول نے ایک اور انگڑائی لی اور بانی متحدہ قومی مومنٹ الطاف حسین نے ایم کیو ایم لندن کے امیدواروں کا اعلان کر ڈالا، یہ بات کسی اور کے لیےاہم ہو نا ہو البتہ ایم کیو ایم پاکستان کے لیے اس نے خطرے کی گھنٹی ضرور بجا دی۔

چند روز قبل وی نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مصطفیٰ کمال نے یہ ضرور کہا تھا کہ الطاف حسین کا وقت اب ختم ہو چکا ہے۔

کیا واقعی الطاف حسین کا وقت ختم ہو چکا ہے، کیا ایم کیو ایم لندن سیٹیں نکال پائے گی؟ یا پھر کسی کے لیے فائدہ مند اور کسی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی؟ اس حوالے سے ہم نے ماہرین کی رائے جانی ہے۔

ایم کیو ایم لندن کراچی کے سیاسی منظرنامے پر ضرور اثرانداز ہوگی، مظہر عباس

سینیئر تجزیہ کار اور صحافی مظہر عباس اس حوالے سے کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم لندن سیٹیں تو نہیں لے پائے گی لیکن کراچی کے سیاسی منظر نامے پر اثر انداز ضرور ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم لندن ایم کیو ایم پاکستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ یہ ایک ہی درخت کی دو شاخیں ہیں اور اگر ووٹ ایم کیو ایم لندن کو پڑ گیا تو اس صورت میں نقصان ایم کیو ایم پاکستان کا ہی ہوگا اور دیگر جماعتیں اس کا فائدہ لے سکتی ہیں۔

واضح ہو جائے گا ایم کیو ایم لندن کتنا ووٹ بینک رکھتی ہے، اے ایچ خانزادہ

سینیئر صحافی اے ایچ خانزادہ کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم لندن کے ووٹ بینک کی موجودگی کا تاثر اس الیکشن میں واضح ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب سے ایم کیو ایم لندن نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے تب سے گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔

اے ایچ خانزادہ کے مطابق ایم کیو ایم لندن کا عام انتخابات میں سیٹیں نکالنا مشکل لگ رہا ہے۔ لیکن ایم کیو ایم پاکستان کو اس سے نقصان ضرور پہنچ سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میری نظر میں پاکستان پیپلز پارٹی کو اس صورتحال کا بھرپور فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp