تحریک انصاف کو بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوتی ہے، مولانا فضل الرحمان

منگل 6 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم نظریاتی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، جبکہ تحریک انصاف کو بھارت اور اسرائیل سے فنڈنگ ہوتی ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہماری سیاست کرسی اور مفادات کے لیے نہیں بلکہ ہم انبیا کی سنت سمجھ کر اس میدان میں موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ عمران خان غیرملکی ایجنڈے پر آیا تھا، ہماری سیاست کرسی اور اقتدار کی نہیں، ہمارے مخالفین کو تو معلوم ہی نہیں کہ سیاست کس زبان کا لفظ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اسلام کو اقتدار کی کرسی تک لانے کے لیے ہم برسرپیکار ہیں اور منزل حاصل کر کے رہیں گے، آج پاکستان کی اُس شناخت کو ختم کر دیا گیا ہے جو اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا تھا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ آئین پاکستان کے مطابق حاکمیت اللہ تعالیٰ کی ہوگی مگر المیہ ہے کہ اسمبلیوں میں ایسے لوگ جاتے ہیں جنہیں قرآن و سنت سے کوئی دلچسپی ہی نہیں ہوتی۔

ہمارے مخالفین پہلے اپنی شناخت کرائیں

انہوں نے کہاکہ ہمارے مخالفین پہلے اپنی شناخت تو کرائیں، ہم نے اسلام کے ذریعے ہی پاکستان کو شناخت دینی ہے اور اسی کے لیے ہماری جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں نے 2011 اور 2012 میں کہا تھا کہ ہم پر بیرونی لوگوں کو مسلط کر دیا گیا ہے جنہیں ’را‘ اور اسرائیل کی جانب سے فنڈنگ ہو رہی ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے بیرونی فنڈنگ سے ہی پارٹی بنائی اور دعویٰ ریاست مدینہ کا کیا مگر اب تو سب کچھ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ تو کہتے تھے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں اور اب اپنے لیے جیل میں سہولیات مانگی جا رہی یں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp