کیا اس مرتبہ بیلٹ پیپرز مختلف چھاپے گئے ہیں، وائرل ویڈیو پر الیکشن کمیشن کیا کہتا ہے؟

بدھ 7 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور سائز سے متعلق شیئر ہونے والی ویڈیو کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بیلٹ پیپرز ماضی کی طرح اردو حروف تہجی کی ترتیب سے پرنٹ کیے گئے ہیں۔

بدھ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ اور سائز سے متعلق چلنے والی ویڈیو گمراہ کن ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ واضح رہے کہ ہمیشہ سے امیدواران کی تعداد کے لحاظ سےبیلٹ پیپر سنگل، ڈبل اور ٹرپل کالم اور اردو حروف تہجی کی ترتیب میں پرنٹ کیا جاتا ہے اور اس دفعہ بھی اسی ترتیب سے پرنٹ کیا گیا ہے۔

بیلٹ پیپر کی فولڈنگ اور الیکشن کے دیگر مراحل سے متعلق معلوماتی ویڈیوز الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk اور یوٹیوب چینل پر موجود ہیں۔

ووٹرز کو مشورہ دیا گیا کہ انہیں سوشل میڈیا میں گردش کرنے والی خبروں پر اعتبار کرنے کی بجائے معلومات کے لیے صرف الیکشن کمیشن کی جاری کردہ آگاہی ویڈیوز سے استفادہ کرنا چاہیے یا کسی شکایت کی صورت میں الیکشن کمیشن کے قائم کردہ کمپلینٹ سیل پر 000۔327۔111۔051 سے رابطہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ جمعرات 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 رجسٹرڈ ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے جبکہ 4 انتخابی حلقوں میں امیدواروں کے انتقال کرجانے کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔

پاکستان بھر میں 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے گا۔ انتخابات کے لیے 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp