ناصر راجہ کی عدم بازیابی کی صورت میں عدالت کی پی پی 11 پر پولنگ روکنے کی وارننگ

بدھ 7 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر نے سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کے بھائی ناصر راجا کی بازیابی کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیے کہ اگر پولیس نے ناصر راجا کو پیش نہ کیا تو پی پی 11 کا الیکشن ملتوی کر دیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت کے بھائی ناصر راجہ کی بازیابی کیس کی سماعت ہوئی۔ ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد عدالتی طلبی پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ناصر راجہ پولیس پاس نہیں ہیں ون فائیو پر کال چلی تھی۔

جسٹس ارباب طاہر نے الیکشن کمیشن حکام سے استفسار کیا کہ ایک امیدوار غائب ہو گیا تو کیا کمیشن اب بھی الیکشن کروا لے گا۔ جسٹس ارباب طاہر نے ایس پی سے کہا کہ وہ واضح انداز میں کہہ رہے ہیں کہ یہ پولیس کے لیے مسئلہ بنے گا  کیوں کہ اسلام آباد پولیس اعتراف کر رہی ہے کہ ناصر راجہ اغوا ہوئے ہیں۔

ایس پی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا جسٹس ارباب طاہر نے کہ کہ ایک شخص آپ کی حدود سے اٹھایا گیا آپ اس کے ذمہ دار ہیں، اب ہم دیکھیں گے کہ اس حلقے میں الیکشن ہو سکتا ہے یا نہیں۔ جسٹس ارباب طاہر نے کہا کہ ہمارے الیکشن رکوانے سے پہلے آپ اپنے طور پر کارروائی کریں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر کوئی درخواست نہیں دی گئی۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو تحریری درخواست دے چکے ہیں۔

جسٹس ارباب طاہر نے کہا کہ آپ جائیں درخواست پر فیصلہ کریں اور تحریری طور پر واضح ہدایات لے کر آئیں۔

جسٹس ارباب طاہر نے کہاکہ مغوی کو شام سوا 7 بجے تک پیش نہ کیا گیا تو پی پی 11 کا الیکشن ملتوی کر دیں گے۔ تاہم بعد ازاں کیس کی سماعت کے دوران اب عدالت نے شام ساڑھے 8 بجے تک کی ڈیڈلائن دی ہے اور سی پی او راولپنڈی کو حکم دیا ہے کہ ناصر راجا کو پیش کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp