کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے دھماکا، 3 افراد جاں بحق

بدھ 7 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ہینڈ گرنیڈ پھٹنے سے دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم ہینڈ گرنیڈ لے کر جا رہا تھا تو اسے گلی میں کھیلتے بچوں نے دیکھ لیا، ملزم نے بم چھپانے کی کوشش کی تو اس دوران پن نکل گئی اور دھماکا ہو گیا۔

مزید پڑھیں

ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق گلشن اقبال بم دھماکے میں جاں بحق شخص پولیس انسپکٹر کا بیٹا نکلا ہے، مرنے والا فاروق سب انسپکٹر رحمان میرانی کا بیٹا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فاروق میرانی بم ہاتھ میں لے کر گلی میں جارہا تھا کہ گلی کے بچوں نے دیکھ کر شور مچایا تو اس نے گرینیڈ چھپانے کی کوشش کی اور اس دوران بم کی پن نکل گئی۔

ڈی آئی جی کے مطابق فاروق میرانی کا والد گلشن اقبال تھانے میں تعینات ہے، آپریشن میں تعینات سب انسپکٹر کچھ عرصہ پہلے معطل بھی ہوا تھا۔

انہوں نے کہاکہ سب انسپکٹر حاجی لیموں گوٹھ کا ہی رہائشی ہے، سب انسپکٹر کے گھر کی تلاشی بھی لی ہے، جبکہ ان کے مرنے والے بیٹے کی عمر 16 سے 17 سال ہے۔

دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

اِدھر گلشن اقبال میں ہونے والے دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

فوٹیج کے مطابق ملزم نے پہلے فون پر بات کی اور پھر دکان کے قریب جاکر دھماکا کیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم گھر سے بارودی مواد لے کر نکلا تھا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ عام انتخابات سے ایک روز قبل ملک میں ہونے والے دھماکوں کی تعداد 3  ہو گئی ہے، اس سے قبل آج ہی کے روز بلوچستان میں 2 بم دھماکے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں 29 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp