کراچی: انتخابی عمل سے قبل ہی 1000 بیلٹ پیپرز غائب، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کا شدید ردعمل

بدھ 7 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی کراچی نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی میں انتخابات سے قبل دھاندلی اور بے ضابطگیوں کا آغاز ہو گیا ہے، انتخابی سامان میں شامل  ایک پھٹے ہوئے تھیلے سے 1000 بیلٹ پیپرز غائب ہو گئے ہیں، جوکہ الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔

ادھر متعلقہ پریذائیڈنگ آفیسر نے ریٹرننگ آفیسر کو بیلٹ پیپرز کی گمشدگی کی تحریری اطلاع دے دی ہے تاہم امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بتائے یہ کیا تماشہ ہے،30میں سے 10بکس غائب،ایسی کسی حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا،کارکنان نظر رکھیں اور ایسے تمام ہتھکنڈوں کو ناکام بنادیں۔

علاوہ ازیں جماعت اسلامی کراچی کے الیکشن سیل کے نگراں راجہ عارف سلطان نے الیکشن کمیشن سندھ کو مذکورہ پریذائیڈنگ آفیسر کی تحریری شکایت کے ساتھ خط ارسال کر دیا اور الیکشن کمیشن سے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پی ایس 102، این اے 238 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 269غوثیہ ڈسپینسری پر انتخابی سامان کے آنے کے بعد ایک تھیلا پھٹا ہوا تھا اور اس کے اندر بیلٹ پیپرز کی 20بکس موجود تھیں جبکہ لسٹ کے مطابق تھیلے میں 30بکس ہونے چاہییں تھیں۔

پریزائیڈنگ آفیسر محمد شکور نے متعلقہ آر او کو تحریری طور پر اس سے آگاہ کیا۔ ادھر جماعت اسلامی کے ترجمان نے بیلٹ پیپرز کی 10بکس کے غائب ہونے پر اپنے شدید ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتخابات سے قبل دھاندلی کا آغاز قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ صورتحال الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ اس سے واضح ہو تا ہے کہ پری پول رگنگ کے ذریعے من پسند پارٹیوں اور ان کے امیدواروں کو جتوانے کے لیے غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کیے جارہے ہیں جنہیں کسی صورت میں بھی قبول نہیں کیا جائے گا۔

سیاسی اشتہارات: پیمرا کو ٹی وی چینلز و اخبارات کیخلاف کارروائی کی ہدایت
 

01 (3) by akkashir on Scribd

ادھر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے الیکشن رابطہ سیل کے انچارج بیریسٹر علی طاہر نے بھی کراچی این اے 238 کے پولنگ اسٹیشن غوثیہ ڈسپنری سے بیلٹ پیپرز کی گمشدگی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے۔

بیریسٹر علی طاہر نے الیکشن کمیشن سمیت ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر، ریٹرنگ آفیسر کو بھی خط کی کاپیاں ارسال کر دی ہیں۔ پولنگ اسٹیشن نمبر 269 غوثیہ ڈسپنسری پر عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کے لیے بیلٹ بکس موصول ہوئی تھیں جہاں سیل ٹوٹی ہوئی پائی گئیں، پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملہ پر فوری نوٹس لیا جائے اور فوری طور پر گمشدہ بکیں واپس برآمد کروائی جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp