پاکستان اورجرمنی نے تکنیکی وترقیاتی تعاون کے منصوبوں کے ضمن میں 45 ملین یورومالیت کے معاہدوں پردستخط کردیے۔
معاہدوں پردستخطوں کی تقریب بدھ کو یہاں وزارت اقتصادی امورمیں منعقد ہوئی۔ سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفرڈگریناس بھی اس موقع پرموجودتھے۔
مزید پڑھیں
معاہدوں کے تحت ماحولیات، توانائی، پائیدار ترقی، تربیت و روزگار، صحت، سماجی تحفظ اور بہبود آبادی کے شعبوں کے منصوبوں میں جرمنی پاکستان کو 45 ملین یورو کی معاونت فراہم کرے گا۔
پاکستان میں جرمنی کے سفیر نے اس موقع پر کہاکہ جرمنی اور پاکستان ترقیاتی تعاون کے شعبہ میں ایک دوسرے کے ساتھ طویل عرصہ سے کام کر رہے ہیں، معاہدوں کے تحت پہلے سے جاری اورنئے منصوبوں کے لیے جرمنی کی جانب سے یہ معاونت فراہم ہوگی۔
سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہاکہ پاکستان جرمنی کی جانب سے تکنیکی ترقی میں معاونت کو سراہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔