عام انتخابات: دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکار، ایک سیاسی کارکن جاں بحق

جمعرات 8 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک میں عام انتخابات کے موقع پر دہشتگردی کے واقعات میں 7 سیکیورٹی اہلکار اور ایک سیاسی کارکن جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے۔

بلوچستان میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعات

تفصیلات کے مطابق، بلوچستان میں بم دھماکوں اور فائرنگ کے واقعات میں 2 سیکیورٹی اہلکار، ایک سیاسی کارکن جاں بحق جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے۔

خاران میں دھماکے سے 2 اہلکار جاں بحق

ضلع خاران میں پولنگ عملے کی حفاظت پر تعینات لیویز کی گاڑی کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے میں 2 اہلکار جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

لیویز کے مطابق خاران کے علاقے لجے کے مقام پر لیویز کی گاڑی پولنگ عملے کو اپنی سیکیورٹی میں پولنگ اسٹیشن لے کر جارہی تھی کہ راستے میں نامعلوم افراد کی جانب سے سڑک کنارے بچھائی گئی آئی ای ڈی کا دھماکا ہوگیا، جس کے نتیجے میں لیویز اہلکار غلام حیدر اور اسپیشل برانچ پولیس کے سب انسپکٹر راشد علی جاں بحق جبکہ لیویز کے رسالدار میجر حاجی خدا بخش، سپاہی جلال شاہ، سیف الرحمان، زین عارف، عمران خان، سیف اللہ اور اسپیشل برانچ کے عبدالسلام زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

کوہلو میں بارودی سرنگ کے دھماکے سے 3 افراد زخمی

ضلع کوہلو میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں امیدوار کے بھائی سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز کنٹرول کوہلو کے مطابق کوہلو کے علاقے سفید میں گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں پی بی 9 کوہلو سے آزاد امیدوار میر لیاقت مری کے بھائی میر مصطفیٰ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

پنجگور میں دستی بم حملہ اور فائرنگ

پنجگور میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نوک آباد تسپ کے پولنگ اسٹیشن پر دستی بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 ووٹرز زخمی ہوئے ۔ زخمیوں کو ٹیچنگ اسپتال پنجگور منتقل کردیا گیا۔ پنجگور کے علاقے وشبود میں بھی ایک پولنگ اسٹیشن کے قریب دھماکا ہوا تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

کیچ اور پسنی میں دھماکے، راکٹ حملے

کیچ کے علاقے تربت میں مختلف مقامات پر 3 دھماکے ہوئے۔ پٹھان کہور پولنگ اسٹیشن پر نامعلوم افراد نے 2 راکٹ داغے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایک اور واقعہ میں نامعلوم افراد کی جانب سے پھینکا گیا دستی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔

پولیس کے مطابق کیچ سے ملحقہ ضلع گوادر کے علاقے پسنی میں 2 دھماکے ہوئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، لڑائی جھگڑوں میں ایک کارکن ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے۔

سنجاوی اور نصیر آباد میں جھگڑے اور فائرنگ

زیارت کی تحصیل سنجاوی میں پی بی 7 کے پولنگ اسٹیشن  میں 2 گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے سے ایک شخص ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ واقعہ کے بعد پولنگ اسٹیشن پر حالات کشیدہ ہوگئے۔

سنجاوی سے متصل ضلع دکی میں بھی پولنگ کے دوران لڑائی جھگڑے کا واقعہ پیش آیا۔ پرانا سنجاوی کے گورنمنٹ پرائمری گرلز اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن میں 2 گروپوں میں تصادم ہوا جس کے دوران تشدد اور فائرنگ کے باعث 4 پولنگ ایجنٹس زخمی ہوگئے۔ ایک شدید زخمی کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

نصیرآباد کے حلقے پی بی 13 میں پولنگ اسٹیشن جاگن خان عمرانی میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں جھگڑا ہوا، جھگڑے کے دوران فائرنگ میں 3 افراد زخمی ہو گئے۔

خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کی فائرنگ

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی اور ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں بھی دہشتگردی کے واقعات پیش آئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں دستی بم حملے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق

ڈی آئی خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے گرہ اسلم میں پولیس وین پر دستی بم حملے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکاروں میں سے ایک اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔

ٹانک میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ اعظم میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ کوٹ اعظم میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی الیکشن ڈیوٹی پر سکیورٹی فراہم کر رہی تھی کہ اس دوران اس پر دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی۔

ڈپٹی کمشنر ٹانک محمد شعیب نےکوٹ اعظم میں پولنگ معطل ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ کوٹ اعظم میں کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر حملہ نہیں ہوا، حملہ سیکیورٹی فورسز کی گشت پارٹی کی گاڑی پر ہوا ہے، میڈیا پرپولنگ کے عملے پر حملے کی خبریں غلط ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔

بنوں میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار کی فائرنگ

میڈیا رپورٹس کے مطابق، بنوں کے صوبائی حلقہ پی کے 99  میں پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار حلیم زادہ نے مبینہ طور پر پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کی جس سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا۔

پریزائیڈنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ مذکورہ امیدوار اسلحہ کی نوک پر بیلٹ پیپر چھین کر لے گئے۔ فائرنگ کے بعد پولنگ اسٹیشن نمبر 104 پر پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔

لکی مروت میں جھگڑے کے باعث 2 افراد زخمی

لکی مروت کے حلقہ این اے 41 شاہ حسن خیل کے میرولی پولنگ اسٹیشن میں دو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تصادم کے باعث پولنگ روک دی گئی۔

پنجاب میں مخالف گروپوں کے درمیان تصادم

پنجاب کے مختلف اضلاع میں مخالف سیاسی گروپوں کے درمیان تصادم اور تشدد کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

جھنگ میں نامعلوم افراد بیلیٹ باکس اٹھا کر فرار، مخالف گروپوں کے درمیان تصادم

جھنگ کے صوبائی حلقہ پی پی 127 کے پولنگ اسٹیشن پر نامعلوم افراد دھاوا بول کر بیلٹ باکس اٹھا کر فرار ہوگئے جبکہ مسلح افراد کی جانب سے پریزائڈنگ آفیسر کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پریزائڈنگ آفیسر نے بتایا کہ آزاد امیدوار کی پارٹی کے سپورٹر بیلٹ بکس اٹھا کر لے گئے ہیں اور باکس میں 500 سے زائد ووٹ کی پرچیاں موجود تھیں۔

جھنگ کے حلقہ این اے 109 کے پولنگ اسٹیشن پر سیاسی گروپ کے سپورٹرز میں جھگڑا ہوا اور کارکنوں نے ایک دوسرے کا سامان پھینک دیا۔ جھگڑے کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا اور فوج کو طلب کر لیا گیا۔

کوٹ ادو میں مخالف گروپوں میں جھگڑے اور فائرنگ سے 5 افراد زخمی

کوٹ ادو کی تحصیل چوک سرور شہید میں 2 امیدواروں کے حامیوں میں جھگڑا ہوا، فائرنگ اور ڈنڈے لگنے سے 15 افرد زخمی ہو گئے اور پولنگ روک دی گئی۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جنہیں نشتر اسپتال ریفر کر دیا گیا ہے، لڑائی آزاد امیدوار مرتضیٰ رحیم کھر اور لیگی امیدوار امجد عباس چانڈیہ کے حامیوں میں ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی پی او سید حسنین حیدر اور رینجرز اہلکار موقع پر پہنچ گئے، معاملہ ووٹوں سے متعلق تلخ کلامی کے باعث پیش آیا۔

چکوال میں جھگڑوں اور فائرنگ سے 4 افراد زخمی

چکوال کے حلقہ این اے 59 کے پولنگ اسٹیشن اکوال کے باہر سیاسی جماعت کے کیمپ پر 2 گروپوں میں فائرنگ ہوئی جس میں 4 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل روک دیا جبکہ زخمیوں کو تحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر چکوال کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تلہ گنگ پولنگ اسٹیشن نمبر 163 سے 400 میٹر دور ہوا، پولنگ کا عمل جاری ہے۔

گوجرانوالہ میں پی پی اور ن لیگ کے کارکنوں میں لڑائی

گوجرانوالہ میں حلقہ 79 این اے گورنمنٹ ہائی اسکول واہنڈو پولنگ اسٹیشن پر  پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں ن لیگ کا ایک کارکن زخمی ہوگیا۔

صادق آباد میں 5 افراد زخمی

صادق آباد چک نمبر 171کے پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں میں جھگڑے کے دوران ڈنڈے لگنے سے 5 افراد زخمی ہوئے۔

سندھ میں جھگڑے اور فائرنگ کے واقعات

سندھ میں بھی مختلف حلقوں میں پولنگ اسٹیشنز کے باہر سیاسی مخالفین کے درمیان تصادم کے واقعات پیش آئے ہیں۔

کراچی کے حلقہ 229 اور 233 میں تصادم

کراچی کے حلقہ این اے 229، پی ایس 85 ملیر میں 2 گروپوں میں تصادم اور پتھراؤ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔ اس واقعہ میں خواتین بھی زخمی ہوئیں۔

حلقہ این اے 233 لانڈھی نمبر 6 میں مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشن پولنگ اسٹیشن نمبر 72 اور 78 میں دھاوا بولا۔ مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشن میں گھس کر بیلٹ باکس توڑ دیے۔

حیدر آباد اور گھوٹکی میں مخالفین کا ایک دوسرے پر پتھراؤ اور فائرنگ

حیدر آباد کے حلقہ 220 میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا اور فائرنگ کی۔ گھوٹکی کے حلقہ این اے 198 میں ایک پولنگ اسٹیشن کے باہر مخالف سیاسی گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

سانگھڑ میں پی پی اور جی ڈی اے کارکنوں میں تصادم

سانگھڑ کے حلقہ این اے 210 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 897 پر پیپلز پارٹی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے کارکنوں میں جھگڑا ہو، دونوں جانب سے لاتوں اور گھونسوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے باعث وہاں پولنگ روک دی گئی۔ پولیس نے جھگڑے میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کارروائی کے بعد پولنگ دوبارہ شروع کر دی گئی۔

خیرپور میں 2 سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھگڑا، 2 افراد زخمی

خیرپور میں نارا پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی جماعتوں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پولنگ اسٹیشن پر تصادم کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی۔

کندھ کوٹ میں ڈنڈا بردار افراد کا پولنگ اسٹیشن پر حملہ

کندھ کوٹ کے علاقے غوث پور میں سید محسن شاہ پولنگ اسٹیشن پر ڈنڈا بردار افراد نے حملہ کر دیا۔ اس حملے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے جبکہ پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری پولنگ اسٹیشن پر پہنچ گئی۔ پریزائیڈنگ افسر کا کہنا ہے کہ ڈنڈا بردار افراد نے بیلٹ پیپر بھی چھیننے کی کوشش کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp