کیا مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جائے گا؟ نواز شریف نے واضح جواب دیدیا

جمعرات 8 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات کے نتائج کے بعد فیصلہ ہوگا کہ مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جائے گا یا نہیں۔

لاہور میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے متعلق پارٹی فیصلہ کرے گی، وہ اکیلے یہ فیصلہ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیے مریم نواز کے علاوہ، شہباز شریف اور دیگر رہنماؤں کی بھی خدمات ہیں، حمزہ اور مریم نے بھی جیلیں کاٹی ہیں، ہم بڑی قربانیاں دے کر آج یہاں تک آئے ہیں۔

’خدا کے واسطے مخلوط حکومت کا نام نہ لو‘  

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا خدا کے واسطے مخلوط حکومت کا نام نہ لیا جائے، ملک میں ایک پارٹی کی اکثریتی حکومت ضروری ہے، اگر ملک کے مسائل حل کرنا ہیں تو ایک پارٹی کو مینڈیٹ ملنا چاہیے، اس حکومت کا دارومدار دوسروں پر نہ ہو۔

انہوں نے کہا ہمارے منشور میں سب چیزیں تفصیل سے لکھی ہیں کہ حقوق عوام کے دروازے تک پہنچنے چاہئیں اور ہم پہنچائیں گے، عام انتخابات کے بعد ملک سے مہنگائی کا خاتمہ ہوگا اور عوام خوشحال زندگی بسر کریں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ لوگوں کے خوشحالی کے اس خواب کو شرمندہ تعبیر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ ان لوگوں نے آکر اس خواب کو بکھیرا، جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوا، اس سے پہلے پاکستانی معاشرہ بالکل ٹھیک تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے بد تمیزی اور بد تہذیبی کا کلچر ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ گالم گلوچ اور بدتمیزی کے کلچر کے خاتمہ کے لیے ووٹ کاسٹ کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp