ملکی تاریخ کے 12ویں عام انتخابات میں جہاں ایک طرف 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، وہیں ان کروڑوں ووٹرز میں کئی ایسے بھی ہیں جو اپنے خراب معاشی حالات کے سبب آج بھی غم روزگار لیے مزدوری کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔
دارالحکومت اسلام آباد کے کاروباری مرکز کراچی کمپنی میں وی نیوز نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے کئی ایسے مزدوروں سے ملاقات کی، جو الیکشن کے روز کرایہ نہ ہونے کے سبب اپنے آبائی علاقوں میں ووٹ دینے نہیں جا سکے۔
لکی مروت سے تعلق رکھنے والے ایسے ہی ایک دہاڑی دارمزدور نے بتایا کہ اگر ان کے پاس کرایہ ہوتا تو وہ عمران خان کو ووٹ دینے ضرور اپنے آبائی علاقے جاتے۔
مزدورں کے مطابق الیکشن کے انعقاد کے باعث آج مزدوری ملنے کے آثار بھی معدوم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ مایوس ہوکرجی 9 میں یہاں کھانا لینے آئے ہیں۔
جمہوری عمل کی اساس قرار دیے جانے والے انتخابی عمل میں شہریوں کی معاشی چیلنجز کے باعث شرکت سے محرومی ملکی سیاسی ڈھانچے میں تمام شہریوں کی شمولیت اور اس پر استوارپارلیمانی پائیداری پرسوالیہ نشان ہے۔